میرپور، 11 مارچ (یواین آئی) ڈھاکہ کے میدان پر آج وہ ہوا جس کا تصور بھی کسی پاکستانی کرکٹ فین نے نہیں کیا تھا۔ بنگلہ دیش نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے روند دیا۔ میزبان ٹیم نے 115 رنز کا معمولی ہدف محض 16ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر کے پاکستانی بالنگ لائن کی دھجیاں اڑا دیں۔
115 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنر تنزید حسن نے پاکستانی بالرز کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے صرف 67 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔ کپتان نجم الحسین شنتو نے بھی 27 رنز کا حصہ ڈالا۔ پاکستان کے اسٹار بالر شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم صرف ایک ایک وکٹ حاصل کر پائے، لیکن وہ بنگلہ دیشی بیٹرز کی جارحیت کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہے۔آج کا دن ریکارڈ بکس میں پاکستان کے لیے ایک بدنما داغ بن گیا ہے۔ پوری پاکستانی ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جو کہ ون ڈے کرکٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کا اب تک کا کم ترین اسکور ہے۔ناہید رانا کی تباہ کن بالنگ (24 رنز کے عوض 5 وکٹیں) نے پاکستانی بیٹنگ کی بنیادیں ہلا دیں۔مہدی حسن میراز نے 3 وکٹیں لے کر رہی سہی کسر پوری کر دی۔
میچ کے آغاز پر کپتان شاہین شاہ آفریدی پر اعتماد دکھائی دے رہے تھے اور ان کا ماننا تھا کہ اس پچ پر 270 سے 280 رنز کا ہدف اچھا ہوگا، لیکن حقیقت اس کے بالکل برعکس نکلی۔ پاکستان کے چار ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں (صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، شامل حسین اور عبدالصمد) کے لیے یہ آغاز کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا۔
جہاں پوری ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھر رہی تھی، وہاں صرف فہیم اشرف نے 37 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، لیکن دوسرے کنارے پر انہیں کسی کا ساتھ میسر نہ آیا۔ڈیبیو کرنے والے شامل حسین 4، محمد رضوان 10 اور سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔حسین طلعت اور کپتان شاہین شاہ آفریدی 4، 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ ڈیبیو کرنے والے عبدالصمد اور فاسٹ بولر محمد وسیم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔یاد رہے کہ صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، شامل حسین اور عبدالصمد اپنے کیریئر کا پہلا ون ڈے میچ کھیل رہے ہیں، صاحبزادہ فرحان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھی ٹاپ اسکورر رہ چکے ہیں۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ناہید حسین نے شاندار باؤلنگ کی اور 7 اوورز میں 25 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسری جانب سیریز کا دوسرا اور تیسرا میچ باِلترتیب 13 اور 15 مارچ کو ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز ڈھاکہ کے معروف شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔