لاہور،9 مارچ (یواین آئی )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر اور ہندوستان کے سابق کرکٹر محمد کیف کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کر گئی ہے۔ محمد عامر نے محمد کیف کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میں ان کا مقام ان کی بولنگ کی بدولت ہے، نہ کہ محض فیلڈنگ کی وجہ سےیہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب محمد عامر نے جاری ٹی 20 ٹورنامنٹ کے دوران ہندوستانی بیٹر ابھیشیک شرما کی تکنیک پر سوال اٹھاتے ہوئے انہیں ‘سلوگر قرار دیا تھا۔ محمد کیف نے عامر کی اس تنقید کو ‘توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے مداحوں سے کہا تھا کہ وہ سابق پاکستانی بولر کے بیانات کو سنجیدگی سے نہ لیں۔
محمد کیف کے اس تبصرے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محمد عامر نے اپنے یوٹیوب چینل پر اعداد و شمار کے ساتھ جواب دیا۔ عامر کا کہنا تھا کہ انہیں کسی کی توجہ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ 350 سے زائد ٹی ٹونٹی میچز کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کیف کے کیریئر پر طنز کرتے ہوئے کہا، “مجھے ان کے کیریئر کے بارے میں زیادہ معلوم نہیں، انہوں نے آئی پی ایل میں صرف 29 میچ کھیلے اور اسٹرائیک ریٹ بھی معمولی تھا۔
محمد عامر نے مزید تیکھا لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ محمد کیف کو سابق ہندوستانی کپتان سورو گانگولی کا شکر گزار ہونا چاہیے، کیونکہ وہ اپنی کرکٹ صرف فیلڈنگ کی بنیاد پر کھیلے ہیں۔ عامر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر جگہ بنانے کے لیے کارکردگی دکھانی پڑتی ہے اور دوسروں پر ریمارکس دینے سے پہلے اپنی حیثیت دیکھ لینی چاہیے۔









