ممبئی، 9 مارچ (یو این آئی) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے سیزن کا آغاز اب 26 مارچ کے بجائے 28 مارچ سے ہوگا، جبکہ اس کا اختتام 31 مئی کو ہوگا۔ دسمبر 2025 میں آئی پی ایل انتظامیہ نے تمام فرنچائزز کو مطلع کیا تھا کہ 2026 کا ایڈیشن 26 مارچ سے شروع ہوگا، تاہم اب اس تاریخ کو تبدیل کر کے 28 مارچ کر دیا گیا ہے۔ آئی پی ایل گورننگ کونسل کا اجلاس آئندہ ہفتے متوقع ہے جس میں پورے سیزن کے حتمی شیڈول کو منظوری دی جائے گی۔ رپورٹس کے مطابق اس تاخیر کی اصل وجہ آسام، مغربی بنگال اور تامل ناڈو میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا انتظار ہے۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) اور چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے ہوم گراؤنڈز بالترتیب کولکتہ اور چنئی ان انتخابات سے متاثر ہوں گے، جبکہ راجستھان رائلز (آر آر) کا ثانوی ہوم گراؤنڈ گوہاٹی (آسام) بھی اسی زمرے میں آتا ہے۔ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی ) میدان میں اترے گی۔ آئی پی ایل گورننگ کونسل اپنے آئندہ اجلاس میں وینیوز کے حتمی انتظامات اور مکمل شیڈول پر تفصیلی مشاورت کرے گی۔