سرینگر، 27 فروری (یو این آئی) جموں و کشمیر کی کرکٹ ٹیم رنجی ٹرافی کی نئی فاتح بننے کی دہلیز پر کھڑی ہے، اور اس موقع پر ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ریاست کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ہفتہ کے روز کرناٹک کے ہبلی جا رہے ہیں۔جموں و کشمیر کی ٹیم 67 سال میں پہلی بار رنجی ٹرافی کا فائنل کھیل رہی ہے۔ چوتھے دن کے اختتام تک اپنے شاندار مظاہرے کی بدولت ٹیم تاریخ رقم کرنے کے بالکل قریب ہے۔ میچ پر مکمل گرفت اور 477 رن کی مجموعی برتری کے ساتھ جموں و کشمیر ایک تاریخی فتح کی طرف گامزن ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹیم نے اس سنگ میل کو عبور کر کے لاکھوں لوگوں کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
عمر عبداللہ نے ‘ایکس (ٹویٹر) پر لکھا:”رنجی ٹرافی کا فائنل کھیل رہی جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے ہبلی جا رہا ہوں۔ فائنل میں پہنچ کر انہوں نے پہلے ہی لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے۔ میں کل شائقین کے درمیان بیٹھ کر اپنی ٹیم کی حمایت کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔وزیر اعلیٰ کے ہمراہ مشیر ناصر اسلم وانی اور رکن اسمبلی تنویر صادق بھی جا رہے ہیں۔ مسٹر تنویر صادق نے ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی موجودگی کھلاڑیوں کا جوش بڑھائے گی اور ہمیں امید ہے کہ ٹیم ٹرافی جیت کر ہمیں مزید فخر کا موقع دے گی۔









