ہوبلی، 27 فروری (یو این آئی) عاقب نبی (پانچ وکٹیں)، یودھویر سنگھ چرک اور سنیل کمار (دو دو وکٹیں) کی بہترین گیند بازی کی بدولت جموں و کشمیر نے رنجی ٹرافی کے فائنل کے چوتھے دن کرناٹک کو پہلی اننگز میں 293 رن پر ڈھیر کر دیا۔ اس شاندار کارکردگی کے ذریعے جموں و کشمیر نے پہلی اننگز میں 291 رن کی اہم برتری حاصل کر کے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔آج یہاں کرناٹک نے کل کے اسکور 5 وکٹ پر 220 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں ساحل لوتھرا نے کرتک کرشنا (36) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے چھٹی کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد ودیا دھر پاٹل (11) سنیل کمار کا شکار بنے۔ عاقب نبی نے ایک اینڈ سے جم کر بلے بازی کرنے والے سنچری میکر میانک اگروال کو 160 رن کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ میانک اگروال نے اپنی اننگز میں 21 چوکے لگائے۔ عاقب نبی نے شیکھر شیٹی (صفر) کو بھی آؤٹ کیا، جبکہ یودھویر سنگھ چرک نے پرسدھ کرشنا (4) کو آؤٹ کر کے کرناٹک کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔جموں و کشمیر کے لیے عاقب نبی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ یودھویر سنگھ چرک اور سنیل کمار کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں، جبکہ ساحل لوتھرا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔









