لاہور،23 فروری (یواین آئی ) جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیم نے تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان ویمنز ٹیم کو 37 رنز سے ہرا کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ بارش کے باعث متاثرہ اس میچ کو فی ٹیم 41 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔میزبان جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ جنوبی افریقہ کی سونے لوئوس نے 94 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ کپتان لائورا ولورڈٹ نے 43، سنالو جافتہ نے 51 اور انیرے ڈیرکسن نے 31 رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ڈیانا بیگ، سعدیہ اقبال، سیدہ عروب شاہ اور عائشہ ظفر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔261 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ویمنز ٹیم 38.5 اوورز میں 223 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کی جانب سے صرف چند کھلاڑی ہی مزاحمت کر سکیں۔عائشہ ظفر نے81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔سدرہ امین 68 رنز بنا کر دوسری نمایاں بلے باز رہیں۔عالیہ ریاض نے 32 رنز کا اضافہ کیا۔جنوبی افریقہ کی ٹیومی سیکھوکھیونے نے 3 وکٹیں حاصل کر کے پاکستانی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا، جبکہ ندینے ڈی کلرک اور سونے لوئوس نے دو دو شکار کیے۔میچ میں بہترین آل راؤنڈ کارکردگی (94 رنز اور 2 وکٹیں) دکھانے پر سونے لوئوس کو ‘پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جنوبی افریقہ نے اس جیت کے ساتھ سیریز میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے جبکہ پاکستان کو سیریز بچانے کے لیے اگلے میچ میں لازمی فتح حاصل کرنی ہوگی۔