دبئی، 21 فروری (یو این آئی) یوکرین کی ٹینس اسٹار ایلینا سوئیٹولینا نے دبئی ٹینس چیمپئن شپ کے ویمنز سنگلز فائنل میں جگہ بنانے کے لیے امریکی کھلاڑی کوکو گاف کوسیمی فائنل میں سخت مقابلے کرکے تین سیٹوں میں شکست دی۔
سوئیٹولینا نے تین گھنٹے اور تین منٹ تک جاری رہنے والے سنسنی خیز مقابلے میں 6-4، 6-7 (13)، 6-4 سے کامیابی حاصل کی۔ اس دوران انہوں نے امریکی حریف کی زبردست مزاحمت کا سامنا کیا اور کئی میچ پوائنٹس بھی ضائع کیے۔
دوسرے سیٹ کے طویل ٹائی بریک میں 15-13 سے شکست کے باوجود یوکرینی کھلاڑی نے فیصلہ کن سیٹ میں حوصلہ برقرار رکھا اور کامیابی اپنے نام کی۔ وہ دبئی میں اپنے کیریئر کے تیسرے اور 2018 کے بعد پہلے فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔
میچ کے بعد کورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے سویٹولینا نے کہا، اتنی سخت جدوجہد کے بعد میرے پاس الفاظ نہیں تھے۔ مقابلہ بہت سخت تھا۔ کئی برس بعد یہاں دوبارہ فائنل میں پہنچنا اور اس خوبصورت ٹرافی کو اٹھانے کا ایک اور موقع ملنا واقعی بہت خاص ہے۔”
اس فتح کے ساتھ سویٹولینا نے ڈبلیو ٹی اے ٹور سطح پر گاف کے خلاف اپنا ہیڈ ٹو ہیڈ ریکارڈ 3-2 کر لیا ہے۔ اب وہ ہفتہ کو فائنل میں جیسکا پیگولا کا سامنا کریں گی اور دبئی فائنلز میں اپنا شاندار ریکارڈ برقرار رکھنے کی کوشش کریں گی۔
یہ فائنل 2018 کے بعد سویٹولینا کا پہلا ڈبلیو ٹی اے 1000 فائنل بھی ہوگا اور اس فارمیٹ کی تاریخ میں دو فائنلز کے درمیان سب سے طویل وقفہ شمار کیا جائے گا۔









