ممبئی:11؍فروری:ویسٹ انڈیز نے ٹی20 ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ٹیم نے گروپ سی کے میچ میں انگلینڈ کو 30 رنز سے شکست دی۔مقررہ ہدف 197رن کاتعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کی پوری ٹیم 19اوور166 رن بناکرآؤٹ ہوگئی،ویسٹ انڈیز کی طرف سے گوڈا کیش موتی نے تین اورروسٹن چیز نے دووکٹ حاصل کئے، جبکہ عقیل حسین،جوزف اور شیفرڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیں۔ کیریبین ٹیم اس ٹورنامنٹ میں 10 سال بعد انگلینڈ کو ہرانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اسے آخری فتح 2016 ورلڈ کپ کے فائنل میں ملی تھی، جب کارلوس بریتھویٹ نے بین اسٹوکس کے آخری اوور میں لگاتار 4 چھکے مار کر ٹیم کو جتوایا تھا۔
قبل ازیں شیرفین ردر فورڈ کی ناٹ آوٹ 76 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم مقابلے میں بدھ کے روز انگلینڈ کے خلاف مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔ ردر فورڈ نے محض 42 گیندوں کا سامنا کیا اور اپنی اننگز کو 2 چوکوں اور 7 فلک بوس چھکوں سے سجایا۔
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 8 رنز کے مجموعی اسکور پر اس کے دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔ اس مشکل صورتحال میں شیمرون ہیٹ مائر (23) اور روسٹن چیز (34) نے ٹیم کو سنبھالا اور 28 گیندوں پر 47 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم، یہ دونوں کھلاڑی بھی وقفے وقفے سے آؤٹ ہو کر پویلین چلے گئے۔
اس کے بعد ردر فورڈ نے کپتان روومین پاول کے ساتھ مل کر اسکور کو 128 رنز تک پہنچایا، جہاں پاول 14 رنز بنا کر ہمت ہار گئے۔ ردر فورڈ کو اس کے بعد جیسن ہولڈر کی شکل میں ایک بہترین ساتھی ملا۔ دونوں بلے بازوں نے میدان کے چاروں طرف چھکوں کی برسات کر دی اور پانچویں وکٹ کے لیے صرف 32 گیندوں پر 61 رنز جوڑ کر انگلش گیند بازوں کو بے بس کر دیا۔ ہولڈر 17 گیندوں پر 33 رنز (ایک چوکا اور چار چھکے) بنا کر آخری اوور کی چوتھی گیند پر آؤٹ ہوئے، جبکہ ردر فورڈ نے اننگز کی آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کا اسکور 196 تک پہنچا دیا۔
ویسٹ ایشین پیرا گیمز: سعودی پیرا بیڈمنٹن ٹیم کی تمغوں کی برسات
ریاض،11 فروری (یو این آئی )سعودی عرب کی قومی پیرا بیڈمنٹن ٹیم نے مسقط 2026 گیمز میں غیر معمولی کارکردگی پیش کرتے ہوئے مجموعی طور پر 7 تمغے اپنے نام کر لیے ہیں۔ یہ کامیابی نہ صرف کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ پیرا سپورٹس کے میدان میں سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی طاقت کی علامت بھی ہے۔سعودی بیڈمنٹن فیڈریشن کے مطابق یہ کامیابی اتفاقیہ نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔یہ فتوحات سعودی وژن 2030 کے اہداف کا حصہ ہیں، جس کے تحت کھیلوں کے شعبے میں عالمی سطح پر سعودی کا نام روشن کرنا ہے۔ معذور کھلاڑیوں کے لیے خصوصی تربیتی کیمپ اور جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کر سکیں۔
ویسٹ ایشین پیرا گیمز میں اس بڑی کامیابی نے سعودی عرب کو خطے میں پیرا سپورٹس کا ایک اہم مرکز بنا دیا ہے۔سعودی حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کامیاب کھلاڑیوں کو اب عالمی مقابلوں اور پیرالمپکس کے لیے تیار کیا جائے گا تاکہ وہ عالمی سطح پر بھی اسی طرح سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کا باعث بنیں۔









