کولمبو، 11 فروری (یواین آئی ) ناتھن ایلس اور ایڈم زمپا کی تباہ کن بالنگ (4-4 وکٹیں) کی بدولت آسٹریلیا نے بدھ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے افتتاحی میچ میں آئرلینڈ کو 67 رنز سے ہرا کر اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ آسٹریلیا کے 182 رنز کے جواب میں آئرش ٹیم 16.5 اوورز میں محض 115 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ صرف 12 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کرنے والے ناتھن ایلس کو ‘پلیر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
میچ سے قبل کپتان مچل مارش کے زخمی ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کے پاس انتخاب کے لیے صرف 12 کھلاڑی دستیاب تھے۔ اس کے باوجود کینگروز نے ہمت نہ ہاری۔
ٹریوس ہیڈ جلد رن آؤٹ ہوئے، لیکن جوش انگلس (37) اور کیمرون گرین (21) نے 49 رنز کی تیز شراکت قائم کی۔ گلین میکسویل (9) کی ناکامی کے بعد میٹ رینشا (37) اور مارکس اسٹونیس (45) نے پانچویں وکٹ کے لیے 50 رنز جوڑ کر ٹیم کو سنبھالا۔ آخری اوورز میں کونلی اور بارٹلیٹ نے ٹیم کا اسکور 182 تک پہنچا دیا۔ آسٹریلوی اننگز میں 35 ڈاٹ بالز بھی ریکارڈ کی گئیں۔آئرلینڈ کا آغاز بدقسمتی سے ہوا جب پہلی ہی گیند پر کپتان پال اسٹرلنگ ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ‘ریٹائرڈ ہرٹ’ ہو کر باہر چلے گئے۔ دوسرے اوور میں کوہنیمین نے ہیری ٹیکٹر کو صفر پر آؤٹ کیا۔
ایلس نے اپنے پہلے دو اوورز میں ہی تین وکٹیں لے کر آئرلینڈ کی کمر توڑ دی، جس سے اسکور 27 رنز پر 4 وکٹیں ہو گیا۔ مڈل اوورز میں ایڈم زمپا نے شکنجہ کسا۔ جارج ڈوکریل (41) نے مزاحمت کی کوشش کی لیکن زمپا نے انہیں اسٹمپ آؤٹ کرا دیا۔ زمپا نے اپنے آخری اوور میں دو مزید شکار کیے، جبکہ ناتھن ایلس نے 17ویں اوور میں آخری وکٹ لے کر میچ کا خاتمہ کیا۔