احمد آباد،11 فروری (یواین آئی )ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ڈی میں ایک ایسا میچ کھیلا گیا جسے برسوں یاد رکھا جائے گا۔ احمد آباد میں کھیلے گئے اس میچ نے شائقین کے دل کی دھڑکنیں تیز کر دیں ۔جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان مقابلہ دو بار سپر اوور میں داخل ہوا، جہاں بالآخر تجربہ کار جنوبی افریقی ٹیم نے افغان سورماؤں کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔جب 40 اوورز کے کھیل کے بعد بھی اسکور برابر رہا، تو فیصلہ سپر اوورز میں ہوا۔پہلا سپر اوور: دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف بہترین کھیل پیش کیا اورپہلے سپر اوور میں دونوں ٹیموں نے 17-17 رنز بنائے، لیکن کوئی فاتح سامنے نہ آیا۔
دوسرے سپر اوور میں جنوبی افریقہ نے 23 رنز بنائے، جبکہ افغانستان کی ٹیم صرف دو وکٹ پر 19 رنز ہی بنا سکی۔ اس کارکردگی کے باعث جنوبی افریقہ نے اس دلچسپ میچ میں فتح حاصل کر لی۔محمد نبی پہلی دو گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ رحمان اللہ گرباز نے کیشو مہاراج کو مسلسل 3 چھکے لگا کر میچ دوبارہ زندہ کر دیا، لیکن آخری گیند پر مطلوبہ 6 رنز بنانے میں ناکام رہے اور کیچ آؤٹ ہو گئے۔اب افغانستان کو ٹورنامنٹ میں برقرار رہنے کے لیے نہ صرف اپنے باقی دونوں میچز بڑے مارجن سے جیتنے ہوں گے، بلکہ دوسری ٹیموں (نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ) کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 187 رنز بنائے۔ کوئنٹن ڈی کاک (59) اور رایان ریکلٹن (61) کی 114 رنز کی شراکت نے افغان بالرز کو بے بس کر دیا تھا۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم 19.4 اوورز میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں میچ برابر رہا۔رحمان اللہ گرباز نے 42 گیندوں پر 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔آخری لمحات میں نور احمد نے دو چھکوں سے امید جگائی، لیکن مجیب الرحمان کے رن آؤٹ نے افغانستان کی یقینی جیت کو برابری میں بدل دیا۔
شکست کے باوجود افغانستان نے ثابت کر دیا کہ وہ کسی بھی بڑی ٹیم کو پچھاڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ عظمت اللہ عمرزئی کی 3 وکٹیں اور راشد خان کی عمدہ کپتانی نے جنوبی افریقہ کو ہر قدم پر ٹف ٹائم دیا۔









