ممبئی، 05 فروری (یو این آئی) ہندوستان کے کپتان سوریہ کمار یادو نے جمعرات کے روز واضح کیا ہے کہ ہندوستان کو پاکستان کے خلاف کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں اور ٹیم آئی سی سی کے طے شدہ شیڈول کے مطابق سفر کرے گی، جبکہ اس میچ سے متعلق کسی بھی غیر یقینی صورتحال کا انحصار پاکستان کے فیصلے پر ہوگا۔مبئی میں کیپٹنز ڈے پریس میٹ کے دوران سوریہ کمار نے کہا، ہماری سوچ بالکل واضح ہے۔ ہم نے کھیلنے سے انکار نہیں کیا، انہوں نے منع کیا تھا۔ آئی سی سی نے شیڈول جاری کر دیا ہے، ہماری پروازیں بک ہو چکی ہیں اور ہم جا رہے ہیں۔ باقی صورتحال وہاں پہنچ کر دیکھیں گے۔ کپتان نے بتایا کہ ٹیم کو 15 فروری کو طے شدہ میچ کے بارے میں باضابطہ اطلاع دے دی گئی ہے اور اسی کے مطابق تیاری جاری ہے۔ انہوں نے کہا، ان کا فیصلہ میرے اختیار میں نہیں۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ 15 تاریخ کو میچ کھیلنا ہے۔
سوریا کمار یادو نے اس بات کی جانب بھی اشارہ کیا کہ ہندوستان متعدد بار غیر جانبدار مقامات پر پاکستان کا سامنا کر چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ہم نے ایشیا کپ کے دوران ایک غیر جانبدار مقام پر ان کے خلاف تین میچ کھیلے تھے۔ اگر ہمیں کولمبو میں دوبارہ کھیلنے کا موقع ملا تو ہم ضرور کھیلیں گے۔سیاسی پہلو کا ذکر کرتے ہوئے ہندوستانی کپتان نے کہا کہ یہ معاملہ کھلاڑیوں کے اختیار سے باہر ہے۔ ان کے مطابق، یہ میرا فیصلہ نہیں ہے۔ یہ آسان کام نہیں، یقیناً ذمہ داران اس پر کام کر رہے ہوں گے۔ چونکہ یہ معاملہ حکومتی سطح سے جڑا ہے، اس لیے صورتحال پیچیدہ ہے۔