نئی دہلی،2 فروری (یو این آئی ) ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی جانب سے ہندوستان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے اعلان پر بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے موقف کی بھرپور حمایت کر دی ہے۔
بی سی سی آئی کے نائب صدر اور رکن پارلیمنٹ راجیو شکلا نے پیر کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کھیل کی روح (اسپورٹس مین شپ) کے حوالے سے آئی سی سی کے بیان سے مکمل اتفاق کرتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئی سی سی نے ایک بڑا بیان جاری کیا ہے جس میں کھیل کی اخلاقیات کی بات کی گئی ہے۔ ہم ان کے موقف کے ساتھ ہیں، تاہم اس حساس معاملے پر کوئی بھی حتمی تبصرہ آئی سی سی کے حکام سے تفصیلی ملاقات اور مشاورت کے بعد ہی کیا جائے گا۔
یہ بحران اس وقت پیدا ہوا جب حکومتِ پاکستان نے اعلان کیا کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے سر لنکا جائے تو جائے گی، لیکن 15 فروری کو شیڈول روایتی حریف ہندوستان کے خلاف میچ میں میدان میں نہیں اترے گی۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ سرکاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ٹیم کو ایونٹ میں شرکت کی اجازت ہے لیکن وہ ‘سلیکٹو بائیکاٹ کی پالیسی اپنائے گی۔
آئی سی سی نے اس اقدام پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ‘سلیکٹو پارٹیسپیشن (منتخب شرکت) قرار دیا ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق کسی عالمی ایونٹ میں اپنی مرضی کے میچز کھیلنا کھیلوں کے عالمی اصولوں کے خلاف ہے۔ایسا عمل بین الاقوامی مقابلوں کی شفافیت اور ساکھ کو متاثر کرتا ہے۔
یہ فیصلہ نہ صرف عالمی کرکٹ بلکہ خود پاکستان کے کروڑوں شائقین کے مفاد میں بھی نہیں ہے۔آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر زور دیا ہے کہ وہ اس فیصلے کے طویل مدتی اثرات پر غور کرے۔ عالمی باڈی کو امید ہے کہ پی سی بی کوئی ایسا درمیانی راستہ نکالے گا جس سے کرکٹ کی ساکھ اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ ممکن ہو سکے۔