ہرارے، 30 جنوری (یو این آئی): فیصل شینوزادہ (163) کی شاندار سنچری اور کپتان محبوب خان (89) کی عمدہ نصف سنچری کی بدولت افغانستان نے جمعہ کو انڈر 19 ورلڈ کپ کے سپر سکس گروپ ایک کے مقابلے میں آئرلینڈ کے خلاف سات وکٹ پر 315 رن کا بڑا اسکور بنایا۔یہاں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے افغانستان کی شروعات کچھ خاص نہ رہی اور تیسرے ہی اوور میں خالد احمدزئی (1) آؤٹ ہو گئے، جنہیں روبن ولسن نے بولڈ کیا۔ تیسرے نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے فیصل شینوزادہ نے عثمان سعادت کے ساتھ اننگ سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم آٹھویں اوور میں تھامس فورڈ نے عثمان (14) کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔
اس کے بعد عزیراللہ نیازئی بلے بازی کے لیے آئے اور انہوں نے شینوزادہ کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 75 رن کی شراکت قائم کی۔ 22ویں اوور میں اولیور رائلی نے عزیراللہ نیازئی (26) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ بعد ازاں کپتان محبوب خان اور فیصل شینوزادہ کے درمیان 188 رن کی بڑی شراکت قائم ہوئی، جس نے افغانستان کو مضبوط اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
48ویں اوور میں اولیور رائلی نے فیصل شینوزادہ کو آؤٹ کیا۔ شینوزادہ نے 142 گیندوں پر 18 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 163 رن کی شاندار اننگ کھیلی۔ 49ویں اوور کی پہلی گیند پر روبن ولسن نے عزیزاللہ (1) کو آؤٹ کیا، جبکہ 50ویں اوور میں محبوب خان (89) کی وکٹ گرنے کے ساتھ افغانستان کا ساتواں نقصان ہوا۔ محبوب خان نے اپنی اننگ میں پانچ چوکے اور دو چھکے بھی لگائے۔افغانستان نے مقررہ 50 اوور میں سات وکٹ پر 315 رن کا اسکور بنایا۔آئرلینڈ کی جانب سے روبن ولسن اور اولیور رائلی نے تین، تین وکٹ حاصل کیں، جبکہ تھامس فورڈ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔