رائے پور، 22 جنوری (یواین آئی) ہندوستان کے ابھشیک شرما نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی20 میں 35 گیندوں پر 84 رن کی شاندار اننگز کھیل کر پہلے ہی خبروں میں ہیں، اور جمعہ کو جب دونوں ٹیمیں پانچ میچوں کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں شام 7 بجے شہید ویر نارائن سنگھ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی تو ایک بار پھر تمام نظریں انہی پر مرکوز ہوں گی۔ تاہم ہندوستان کو نیوزی لینڈ کے ممکنہ جوابی حملے سے ہوشیار رہنا ہوگا، جس نے ون ڈے سیریز میں پہلا میچ ہارنے کے بعد زبردست واپسی کرتے ہوئے اگلے دونوں میچ جیت کر سیریز اپنے نام کی تھی۔
ہندوستان نے ناگپور میں سیریز کے پہلے میچ میں 48 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، جہاں اس نے 238/7 کا بڑا اسکور بنایا ۔ ابھشیک شرما کی شاندار اننگز، جس میں آٹھ بلند و بالا چھکے شامل تھے، نے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا، جبکہ رنکو سنگھ نے 20 گیندوں پر ناٹ آوٹ 44 رنز بنا کر اسکور کو 230 کے پار پہنچایا۔
سوریہ کمار یادو (22 گیندوں پر 32 رنز) اور ہاردک پانڈیا (16 گیندوں پر 25 رنز) نے اہم تعاون فراہم کیا۔ گیندبازی میں ورون چکرورتی اور شِوم دوبے نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ارشدیپ سنگھ اور ہاردک پانڈیا نے ایک، ایک وکٹ لے کر نیوزی لینڈ پر دباؤ برقرار رکھا اور اسے 190/7 تک محدود کر دیا۔
ہندوستان رائے پور میں اکشر پٹیل کے بغیر میدان میں اتر سکتا ہے، کیونکہ ناگپور میں کیچ اور گیندبازی کے دوران ان کی انگلی میں چوٹ لگ گئی تھی۔ اگر ٹیم ایک اضافی فاسٹ بولر کے ساتھ جانے کا فیصلہ کرتی ہے تو ہَرشت رانا کو شامل کیا جا سکتا ہے، جبکہ اسپن پر مبنی کمبینیشن کی صورت میں روی بشنوئی کو موقع ملنے کا امکان ہے۔
239 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کو اوپری ترتیب میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ ابتدائی وکٹیں جلد گرنے سے ٹیم فوراً دباؤ میں آ گئی۔ گلین فلپس نے 40 گیندوں پر شاندار 78 رنز بنا کر جوابی حملہ کیا، جس میں مارک چیپمین (39) اور ڈیرل مچل (28) نے ان کا ساتھ دیا۔رائے پور کی پچ بلے بازوں اور گیند بازوں دونوں کے لیے متوازن مقابلہ فراہم کرتی ہے، تاہم ہدف کا تعاقب یہاں ہمیشہ مشکل ثابت ہوا ہے۔ میدان کی بڑی باؤنڈریز (75 سے 80 میٹر) بڑے شاٹس کھیلنے کو مشکل بناتی ہیں، جبکہ اسپنرز کے اہم کردار ادا کرنے کا امکان ہے۔رات کے مقابلے میں اوس پڑنے کی توقع کے باعث دوسری اننگز میں بیٹنگ قدرے آسان ہو سکتی ہے۔ جمعہ کو موسم دھوپ والا رہنے، ہلکی ہوائیں چلنے اور درجہ حرارت تقریباً 28 ڈگری سیلسیس رہنے کی پیش گوئی ہے، جو کرکٹ کے لیے تقریباً مثالی حالات سمجھے جاتے ہیں۔ٹاس کے حوالے سے اندازہ ہے کہ پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیم کو فائدہ ہوگا، کیونکہ اس مقام پر گزشتہ مقابلوں میں اسکور بنانے والی ٹیم زیادہ کامیاب رہی ہے۔ ہندوستان کی مضبوط بیٹنگ، معیاری اسپن اٹیک اور چار اعلیٰ درجے کے گیند بازوں کا امتزاج اسے رائے پور میں واضح برتری فراہم کرتا ہے۔شائقینِ کرکٹ کی خصوصی توجہ ایک بار پھر ابھشیک شرما پر مرکوز رہے گی کہ آیا وہ ایک اور یادگار اننگز کھیل پاتے ہیں یا نہیں، جس سے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 سے قبل ان کی شناخت مزید مستحکم ہو جائے گی۔
بابر اعظم کا آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں سفر ختم
لاہور، سڈنی،22 جنوری ( یو این آئی ) پاکستانی کرکٹر بابر اعظم کا آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں سفر ختم ہوگیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے بابراعظم کو وطن واپس بلا لیا وہ بقیہ میچز میں سڈنی سکسرز کو دستیاب نہیں ہوں گے۔پی سی بی حکام کے مطابق بابراعظم کی واپسی قومی ذمہ داریوں کے پیش نظر عمل میں لائی گئی ہے جبکہ وہ جلد پاکستانی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں رپورٹ کریں گے اس حوالے سے بابر اعظم نے کہا کہ سڈنی سکسرز کا حصہ بن کر بہت انجوائے کیا، پرستاروں کی محبت اور سپورٹ پر بہت مشکور ہوں، اب نیشنل ڈیوٹی کا وقت اگیا ہے۔
، بگ بیش کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ یہاں گزرنے والا وقت ہمیشہ یاد رہے گا، سڈنی سکسرز کے اگلے میچ کیلئے دعا گو ہوں۔واضح رہے کہ بابر اعظم نے 11 میچز میں 202 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 19 چوکے شامل تھے، بابر اعظم کی رخصتی کے ساتھ بگ بیش لیگ سے پاکستان کے تمام کھلاڑی باہر ہوگئے ہیں۔









