بھوپال:19؍جنوری:وزیرکھیل اور نوجوان بہبود مسٹر وشواس کیلاش سارنگ نے کہا کہ نوجوانوں کے تبادلہ پروگرام ریاستوں کی ثقافت سے ایک دوسرے کو روشناس کرانے کا ایک مضبوط اور مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہے ہیں۔ ان پروگراموں کے ذریعے نوجوان ایک دوسرے کی تاریخی وراثت، اقدار، قبائلی تہذیب اور ثقافتی اثاثوں کو بہتر طور پر جان سکتے ہیں۔ پیر کے روز بھوبال میں وزارتِ داخلہ حکومتِ ہند کے اشتراک اور مائی بھارت بھوبال (وزارتِ نوجوان امور و کھیل) کے تحت گزشتہ سات دنوں سے جاری پروگرام کے اختتامی اجلاس سے وزیر مسٹر سارنگ نے خطاب کیا۔
وزیر مسٹر سارنگ نے پروگرام کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی مرکزی دھارے سے جڑ کر فعال کردار ادا کریں اور تخلیقی سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں۔ سابق میونسپل چیئرمین مسٹر راجیش ترویدی نے قبائلی طبقے کے نوجوانوں سے قیادت کی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور اپنے کیریئر کی مضبوط بنیاد رکھنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے۔ بعد ازاں تمام شرکاء کو اسناد اور کامیاب شرکاء کو یادگاری نشانات دے کر اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر سماجی خدمت گار مسٹر پیوش دوبے بھی موجود تھے۔پروگرام کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے ضلع افسر مائی بھارت بھوپال مسٹر پرانجل اگروال نے بتایا کہ یہ پروگرام 13 سے 19 جنوری تک منعقد ہوا۔ اس میں پانچ ریاستوں جھارکھنڈ، اڑیسہ، مہاراشٹر، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش سے کل 200 شرکاء نے حصہ لیا۔ شرکاء کو سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور آئی ٹی بی پی کے دستوں کی قیادت میں پروگرام مقام تک لایا گیا۔ پروگرام کے دوران قبائلی طبقے کے نوجوانوں نے مختلف سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی۔









