کے کے آر نے ایٹکنسن کی جگہ چمیرا کو ٹیم میں شامل کیا

0
15

کولکتہ، 19 فروری (یو این آئی) کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے گس اٹکنسن کے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے اپنا نام واپس لینے کے بعد سری لنکا کے تیز گیند باز دشمنتھا چمیرا کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔انگلینڈ کے 26 سالہ تیزگیندباز ایٹکنسن ای سی بی کے انتہائی مصروف شیڈول کے باعث ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ وہ پہلی بار آئی پی ایل کھیلنے جا رہے تھے۔ ایٹکنسن نے ہندوستان میں ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے لیے تین میچ کھیلے اور دسمبر میں وائٹ بال کرکٹ کے لیے ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا تھااور اس وقت وہ ہندوستان کے دورے پر انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ ہیں۔ گس اٹکنسن کو کے کے آر نے گزشتہ سال دسمبر میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی نیلامی میں ایک کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ اس دوران چمیرا کو نیلامی میں فروخت نہیں کیا گیا تھا اور اب کے کے آر نے انہیں 50 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت پر خرید لیا ہے۔بتیس سالہ چمیرا اس سے قبل راجستھان رائلز، رائل چیلنجرز بنگلور اور لکھنؤ سپر جائنٹس کا حصہ رہ چکے ہیں۔ چمیرا 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ کر سکتے ہیں۔
اور حال ہی میں آئی ایل ٹی-20 میں دبئی کیپٹلز کے لیے کھیلتے ہوئے انھوں نے ابوظہبی نائٹ رائیڈرز کے خلاف 20 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ چمیرا نے اب تک 12 آئی پی ایل میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 8.73 کی اوسط سے نو وکٹیں حاصل کی ہیں۔ چمیرا کے علاوہ مچل اسٹارک کے کے آر میں واحد غیر ملکی تیز گیند باز ہیں۔ اسٹارک کو نیلامی میں 24.75 کروڑ روپے میں خریدا گیا تھا۔