سڈنی،2 جنوری (یو این آئی ) پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے ٹی 20 کرکٹ میں ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے انگلینڈ کے مایہ ناز جوز بٹلر کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ بگ بیش لیگ (BBL) میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرتے ہوئے بابر اعظم نے اپنی شاندار فارم کے ذریعے نہ صرف ٹیم کو فتح دلائی بلکہ عالمی فہرست میں اپنی پوزیشن بھی مزید مستحکم کر لی۔بگ بیش لیگ میں فتح گر اننگزملبورن رینیگیڈز کے خلاف کھیلے گئے اہم میچ میں بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر ناقابلِ شکست 58 رنز بنائے۔ ان کی اس میچ وننگ اننگز میں 4 دلکش چوکے اور ایک بلند و بالا چھکا شامل تھا۔ بابر اعظم کی اس کارکردگی کی بدولت سڈنی سکسرز نے 165 رنز کا ہدف 19.1 اوورز میں حاصل کر کے قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے۔اس اننگز کے ساتھ ہی بابر اعظم کی ٹی 20 کرکٹ میں مجموعی نصف سنچریوں کی تعداد 97 ہوگئی ہے، جس کے بعد وہ انگلینڈ کے جوز بٹلر کے ہم پلہ ہوگئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بابر نے یہ اعزاز صرف 333 میچز میں حاصل کیا، جبکہ بٹلر کو یہاں تک پہنچنے کے لیے 476 میچز کھیلنے پڑے۔اب بابر اعظم کی نظریں ویراٹ کوہلی (105 ففٹیز) اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر (113 ففٹیز) کے ریکارڈز پر ہیں۔