رانچی،24 دسمبر (یو این آئی ) ہندوستانی کرکٹ کے ابھرتے ہوئے ستارے وئبھو سوریہ ونشی نے وجے ہزارے ٹرافی کے پہلے ہی دن تاریخ رقم کر دی۔ محض 14 سال اور 272 دن کی عمر میں انہوں نے اروناچل پردیش کے خلاف صرف 36 گیندوں پر سنچری داغ کر نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح کی راہ دکھائی بلکہ مینس کی ‘لسٹ اے’ کرکٹ میں سنچری بنانے والے دنیا کے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔
وئبھو نے اپنی طوفانی اننگز کے دوران جنوبی افریقہ کے لیجنڈ اے بی ڈی ویلیئرز کا ایک بڑا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے محض 59 گیندوں پر 150 رنز مکمل کیے، جو کہ ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل ڈی ویلیئرز نے 2015 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 64 گیندوں پر یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
وئبھو کی 36 گیندوں پر سنچری ہندوستان کی دوسری تیز ترین ‘لسٹ اے’ سنچری ہے (انمول پریت سنگھ نے گزشتہ سال 35 گیندوں پر سنچری بنائی تھی)۔
وئبھو سوریہ ونشی کے لیے سال 2025 فتوحات کا سال ثابت ہو رہا ہے۔ 13 سال کی عمر میں آئی پی ایل نیلامی میں منتخب ہونے والے پہلے کھلاڑی بنے۔آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے کم عمر میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔
حال ہی میں یو اے ای کے خلاف ایشیا کپ میں 171 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی اور سید مشتاق علی ٹرافی میں بھی سب سے کم عمر سنچری میکر بنے۔
رپورٹس کے مطابق وئبھو وجے ہزارے ٹرافی کے ابتدائی میچوں کے بعد بنگلور میں ہندوستانی انڈر 19 ٹیم کے کیمپ میں شامل ہو جائیں گے، جہاں وہ 15 جنوری سے شروع ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ کی تیاریاں کریں گے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ وئبھو سوریہ ونشی کی شکل میں ہندوستان کو ایک ایسا بلے باز مل گیا ہے جو آنے والے وقت میں دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کرے گا۔