دبئی، 23 دسمبر(یواین آئی ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ویمنز پلیئر رینکنگ میں ہندوستانی آل راؤنڈر دیپتی شرما اور جنوبی افریقی کپتان لورا وولوارڈٹ نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے عالمی نمبر ون پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔ہندوستانی آف اسپنر دیپتی شرما نے اپنے کیریئر میں پہلی بار آئی سی سی ویمنز ٹی 20 بالنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ وشاکھاپٹنم میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں 20 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کرنے کے بعد ان کے ریٹنگ پوائنٹس 737 ہو گئے ہیں۔انہوں نے آسٹریلوی فاسٹ بالر اینابیل سدرلینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔جنوبی افریقہ کی کپتان لورا ولوارڈٹ نے آئرلینڈ کے خلاف مسلسل دو سنچریاں (124 اور ناقابل شکست 100 رنز) بنا کر ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
انہوں نے ہندوستانی اسٹار اسمرتی مندھانا کو 9 پوائنٹس کے فرق سے دوسرے نمبر پر دھکیل دیا ہے۔ لورا نے اپنے کیریئر کے بہترین 820 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف 69 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والی جیمیما 5 درجے ترقی کے بعد ٹی 20 بلے بازوں میں 9 ویں نمبر پر آ گئی ہیں۔
اروندھتی ریڈی 5 درجے بہتری کے ساتھ 36 ویں اور شری چرنی 19 درجے چھلانگ لگا کر 69 ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔ آئرلینڈ کی کپتان گیبی لوئس ون ڈے رینکنگ میں 4 درجے بہتری کے بعد 18 ویں نمبر پر آ گئی ہیں۔ بالنگ میں ارلین کیلی 32 ویں سے 27 ویں پوزیشن پر منتقل ہو گئی ہیں۔رینکنگ میں یہ اتار چڑھاؤ حالیہ دو طرفہ سیریز ( ہندوستان بمقابلہ سری لنکا اور جنوبی افریقہ بمقابلہ آئرلینڈ) میں بہترین انفرادی کارکردگی کا نتیجہ ہے۔









