لوزانے، سوئٹزرلینڈ ،23 دسمبر (یو این آئی ) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن ( ایف آئی ایچ) کی جانب سے جاری کردہ سالانہ رینکنگ میں ہندوستانی ہاکی کے لیے مایوس کن خبر سامنے آئی ہے۔ سال 2025 کے اختتام پر ہندوستانی مینز ٹیم عالمی درجہ بندی میں 8 ویں نمبر پر پھسل گئی ہے، جبکہ خواتین کی ٹیم 10 ویں پوزیشن پر برقرار رہنے میں ناکام رہی۔
خواتین کے زمرے میں ہالینڈ (3809 پوائنٹس) نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ پرو لیگ اور یورو ہاکی چیمپئن شپ میں کامیابیوں نے ان کی گرفت مضبوط رکھی۔ ارجنٹائن دوسرے، بیلجیئم تیسرے اور چین چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔ اسپین نے زبردست چھلانگ لگائی اور 8 ویں سے 5 ویں پوزیشن حاصل کر لی۔ ہندوستانی ویمنز ٹیم کو پرو لیگ سے باہر ہونے کا نقصان اٹھانا پڑا، جس کے نتیجے میں نیوزی لینڈ (9 ویں) ان سے آگے نکل گیا اور ہندوستان اب 10 ویں نمبر پر ہے۔
مینز رینکنگ میں نیدرلینڈز (پہلے) اور بیلجیئم (دوسرے) نمبر پر موجود ہیں، لیکن نیچے کی پوزیشنز میں بڑی تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں:
ہندوستانی ٹیم نے سال کا آغاز 5 ویں پوزیشن سے کیا تھا، لیکن اب وہ 8 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح انگلینڈ بھی تیسرے سے 7 ویں نمبر پر آگیا ہے۔ترقی کرنے والی ٹیمیں: جرمنی تیسرے اور ارجنٹائن (جو سال کے آغاز میں 8 ویں نمبر پر تھا) اب 4 تھ پوزیشن پر آگیا ہے۔ آسٹریلیا 5 ویں اور اسپین 6 ویں نمبر پر ہیں۔ایف آئی ایچ پرو لیگ میں شمولیت کے بعد پاکستان ایک درجے بہتری کے ساتھ 14 ویں پوزیشن پر آگیا ہے۔واضح رہے کہ یکم جنوری 2020 سے نافذ العمل نئے ماڈل کے تحت رینکنگ اب ٹورنامنٹ کے بجائے ‘میچ ٹو میچ پوائنٹس کے تبادلے پر مبنی ہے۔ پوائنٹس کا انحصار میچ کے نتیجے، حریف ٹیم کی طاقت اور میچ کی اہمیت (مثلاً ورلڈ کپ یا پرو لیگ) پر ہوتا ہے۔









