ایڈلیڈ، 19 دسمبر (یو این آئی) سلامی بلے باز ٹریوس ہیڈ (ناٹ آؤٹ 145) کی سنچری اور ایلکس کیری (ناٹ آؤٹ 52) کی نصف سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 286 رن پر روکنے کے بعد جمعہ کو تیسرے ایشز ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگ میں چار وکٹوں کے نقصان پر 271 رن بنا لیے ہیں اور اس کی کل برتری 356 رن ہو گئی ہے۔ آج یہاں انگلینڈ نے کل کے آٹھ وکٹ پر 213 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں انگلینڈ کی نویں وکٹ کپتان بین اسٹوکس کی صورت میں گری، جنہیں 85ویں اوور کی پہلی گیند پر مچل اسٹارک نے بولڈ کیا۔ بین اسٹوکس نے 198 گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے 83 رن کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد 88ویں اوور کی دوسری گیند پر اسکاٹ بولینڈ نے جوفرا آرچر کو آؤٹ کر کے 286 کے اسکور پر انگلینڈ کی پہلی اننگ کا خاتمہ کر دیا۔ جوفرا آرچر نے 105 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رن بنائے۔ اسی کے ساتھ آسٹریلیا نے پہلی اننگز کی بنیاد پر 85 رن کی اہم سبقت حاصل کر لی۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز اور اسکاٹ بولینڈ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نیتھن لیون کو دو اور مچل اسٹارک و کیمرون گرین کو ایک ایک وکٹ ملی۔ دوسری اننگز میں بلے بازی کے لیے اترنے والی آسٹریلوی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے دوسرے ہی اوور میں جیک ویدرلڈ (ایک رن) کی وکٹ گنوا دی۔ اس کے بعد مارنس لیبوشین (13)، عثمان خواجہ (40) اور کیمرون گرین (سات) رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور چار وکٹ پر 149 رن تھا۔ ایسے مشکل وقت میں بیٹنگ کے لیے آنے والے ایلکس کیری نے ٹریوس ہیڈ کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رن بنائے۔
اسی دوران ٹریوس ہیڈ نے اپنی سنچری مکمل کی۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے چار وکٹ پر 271 رن بنا لیے ہیں۔ ٹریوس ہیڈ 145 اور ایلکس کیری 52 رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے دو وکٹ حاصل کیں جبکہ برائیڈن کارس اور ول جیکس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔