دبئی، 19 دسمبر ( یو این آئی) ہندوستانی انڈر-19 ٹیم نے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اب ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن معرکے میں اتوار کو ہندوستان کا مقابلہ اپنے روایتی حریف پاکستان سے ہوگا، جس نے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو مات دی ہے۔ سری لنکا کے 139 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کی شروعات مایوس کن رہی۔ صرف 25 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز، کپتان آیوش مہاترے (7) اور ویبھو سوریہ ونشی (9) پویلین لوٹ گئے۔ اس نازک موڑ پر ایرون جارج اور وہان ملہوترا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ کے لیے 114 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کر کے ٹیم کو 18 ویں اوور میں ہی فتح دلا دی۔آئرن جارج 49 گیندوں پر 58 رنز (4 چوکے، 1 چھکا) ناٹ آؤٹ۔وہان ملہوترا 45 گیندوں پر 61 رنز (4 چوکے، 2 چھکے) ناٹ آؤٹ۔ اس سے قبل، دبئی میں آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا اور اسے 20-20 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔
سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 138 رنز بنائے۔ چمیکا ہیناٹی گالا (42)، کپتان ویمتھ دنسارا (32) اور سیتھمیکا سیناویرتنے (30) نے مزاحمت کی لیکن بھارتی بولرز کے سامنے بڑا اسکور نہ کر سکے۔ ہندووستان کی جانب سے کنشک چوہان اور ہینل پٹیل نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ دیپیش دیویندرن، کھلان پٹیل اور کشن سنگھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
دریں اثنا پاکستان انڈر-19 ٹیم نے بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ اب اتوار کو ہونے والے فائنل معرکے میں پاکستان کا مقابلہ اپنے روایتی حریف ہندوستان سے ہوگا، جس نے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا کو شکست دی تھی۔ دبئی میں آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ تاخیر سے شروع ہوا، جس کے باعث اسے 27-27 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کہ بولرز نے درست ثابت کر دکھایا۔
بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 26.3 اوورز میں محض 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بنگلہ دیش کے 8 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ سمیع النبصیر 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حذیفہ احسان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان اور حذیفہ احسن نے بالترتیب 4 اور 2 کھلاریوں کو آؤٹ کیا۔ علی رضا، محمد صیام اور احمد حسین نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔ 121 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی شروعات اچھی نہ تھی اور پہلے ہی اوور میں حمزہ ظہور بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو گئے۔ تاہم اس کے بعد سمیر منہاس اور عثمان خان (27) نے بنگلہ دیشی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور دوسری وکٹ کے لیے 85 رنز کی شراکت قائم کی۔سمیر منہاس نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 57 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 69 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ احمد حسین 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف محض 16.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔