ماؤنٹ مانگانوئی،18 دسمبر(یو این آئی ) نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ڈیون کون وے اور ٹام لیتھم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ایک وکٹ کے نقصان پر 334 رنز بنا لیے۔کون وے دن کے اختتام پر 178 پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کپتان ٹام لیتھم کھیل کے اختتام سے تھوڑی دیر قبل 137 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
جمعرات کو ماؤنٹ مانگانوئی میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور نیوزی لینڈ کے دونوں اوپنرز کے درمیان 323 رنز کی اوپننگ شراکت قائم ہوئی جو نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری بڑی اوپننگ پارٹنرشپ ہے، ٹام لیتھم 137 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کون وے 279 گیندوں پر 178 رنز اور جیکب ڈفی 9 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ واحد کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 17 اوورز میں 63 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی شراکت 387 رنز کی ہے جو گلین ٹرنر اور ٹیری جاروس نے 1972 میں جارج ٹاؤن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف قائم کی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔