ڈھاکہ ،17 دسمبر(یو این آئی ) پاکستان کے سابق لیجنڈری فاسٹ بولر اور ‘راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر نے ایک بار پھر اپنی دریا دلی سے کرکٹ شائقین کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر تسکین احمد کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ایک بڑی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔
پاکستان کے سابق لیجنڈری فاسٹ بولر شعیب اختر نے بنگلہ دیش کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر تسکین احمد کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ ان کا عالمی کرکٹ میں تیز ترین گیند کا دیرینہ ریکارڈ توڑ دیں۔ شعیب اختر کے نام بین الاقوامی کرکٹ کی تیز ترین گیند کا ریکارڈ آج بھی قائم ہے، جو انہوں نے 2003ء کے ورلڈکپ میں انگلینڈ کے خلاف 161.3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کی گئی گیند کے ذریعے بنایا تھا۔ 50 سالہ شعیب اختر اس وقت پہلی بار بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں بطور مینٹور شریک ہیں اور ڈھاکا کیپٹلز کے ساتھ وابستہ ہیں۔شعیب اختر کا کہنا تھا کہ آخرکار مجھے یہاں آنے اور بی پی ایل کا حصہ بننے کا موقع ملا، جو کچھ بھی میں نے سیکھا ہے، خاص طور پر فاسٹ بولنگ کے حوالے سے، وہ کھلاڑیوں کو منتقل کرنا چاہتا ہوں، انہیں متحرک کرنا چاہتا ہوں اور میچ جیتنے کے لیے چند اہم نکات سکھانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ تسکین احمد میرا اسپیڈ ریکارڈ توڑ دیں۔
شعیب اختر نے تسکین احمد کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کے ایک اور تیز بولر ناہید رانا کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تسکین اس وقت بہترین فارم میں نظر آ رہے ہیں، وہ شارپ، فوکسڈ اور پُراعتماد دکھائی دیتے ہیں، جبکہ ناہید رانا بھی اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر تسکین احمد درست تربیت، مستقل محنت اور مثبت رویے کے ساتھ کھیلتے رہے تو وہ بہت آگے جا سکتے ہیں، میں جب بھی موقع ملا، انہیں ٹریننگ کے راز اور فاسٹ بولنگ کی باریکیاں ضرور بتاؤں گا۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے 12ویں ایڈیشن کا آغاز 26 دسمبر کو سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں سلہٹ ٹائٹنز اور راج شاہی واریئرز کے درمیان میچ سے ہوگا۔









