نئی دہلی، 17 دسمبر (یوا ین آئی ) مرکزی وزیرِ کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے بدھ کے روز تاریخی ورلڈ کپ فتح کرنے والی ہندوستانی اسکوائش ٹیم کو اعزاز سے نوازا۔جوشنا چنپا، ابھیے سنگھ، ویلَون سینتھل کمار اور اناہت سنگھ پر مشتمل مکسڈ ٹیم نے گزشتہ ہفتہ چنئی میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ہندوستان کو پہلا اسکوائش ورلڈ کپ خطاب دلایا تھا۔ فائنل میں ہندوستان نے ٹاپ سیڈ ہانگ کانگ کو 0-3 سے شکست دے کر آسٹریلیا، انگلینڈ اور مصر جیسے ممالک کی ایلیٹ فہرست میں شمولیت اختیار کی۔
کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا،”یہ ہندوستانی کھیلوں کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ ہندوستان کھیلوں کے میدان میں مسلسل نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ حال ہی میں ہماری خواتین کرکٹ ٹیم نے بھی ورلڈ کپ جیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا،”اپنی سرزمین پر اسکوائش ورلڈ کپ جیتنا ایک تاریخی کامیابی ہے۔ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ نہیں ہارا۔ کھیلوں میں یہ ترقی ملک کے لیے مزید وقار لائے گی۔”
اس موقع پر 17 سالہ نوجوان کھلاڑی اناہت سنگھ نے چنئی میں شائقین کے بھرپور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا،”یہ میرا پہلا ورلڈ کپ تھا جو میں نے اپنے سینئرز کے ساتھ کھیلا۔ یہ ایک زبردست سیکھنے کا تجربہ رہا اور میں چنئی کے تماشائیوں کی مسلسل حمایت پر شکر گزار ہوں۔ ہندوستانی ٹیم اب 2026 ایشیائی کھیلوں اور بعد ازاں لاس اینجلس 2028 اولمپکس پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، جہاں اسکوائش پہلی بار اولمپک کھیل کے طور پر شامل ہوگا۔
پدم شری اور ارجن ایوارڈ یافتہ جوشنا چنپا نے کہا،”ہم کئی مہینوں سے اس ورلڈ کپ کے لیے تیاری کر رہے تھے۔ یہ کامیابی ہمیں جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز سے قبل بے حد اعتماد فراہم کرے گی۔ مجھے امید ہے کہ میں بہترین فارم میں رہ کر گیمز کے لیے کوالیفائی کر سکوں گی۔









