دبئی،16 دسمبر (یو این آئی ) پاکستان نے یو اے ای کو 70 رنز سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 242 رنز کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم 37.5 اوورز میں 171 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ایان مصباح کی 77 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، پرتھوی مدھو 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان کرن رائے 13 رنز بنا کر عبدالسبحان کو وکٹ دے بیٹھے۔ یو اے ای کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے 7.5 اوورز میں 31 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مومن قمر اور احمد حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل انڈر 19 ایشیا کپ میں اپنے اہم ترین میچ میں ۔پاکستان نے یو اے ای کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا تھا۔ آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے۔ احمد حسین 65، سمیر منہاس 44 اور حمزہ ظہور 42 رنز بناکر نمایاں رہے۔ یو اے ای کی جانب سے یوگ شرما نے 3، نسیم خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ گروپ اے سے ہندوستان جبکہ گروپ بی سے سری لنکا اور بنگلہ دیش پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔ پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے آج کے میچ میں لازمی فتح درکار تھی۔









