دبئی 14 دسمبر (یو این آئی ) ایک سنسنی خیز مقابلے میں متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) نے دفاعی چیمپیئن الجزائر کو کوارٹر فائنل میں شکست دے کر فیفا عرب کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے، جہاں اس کا مقابلہ اب ایک مضبوط ٹیم مراکش سے ہوگا۔
ہفتہ کو کھیلا گیا کوارٹر فائنل مقابلہ انتہائی سنسنی خیز اور ڈرامائی تھا۔ باقاعدہ اور اضافی وقت کے بعد بھی اسکور 1-1 رہا، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ متحدہ عرب امارات کے گول کیپر حمد المقبالی اما رات کے ہیرو بن کر ابھرے۔ انہوں نے میچ کے آخری لمحات میں الجزائر کو فاتح گول کرنے سے روکا اور پھر پنالٹی شوٹ آؤٹ میں یاسین بینزیہ اور محمد خصیف کے دو اہم شاٹس کو روک کر اپنی ٹیم کو 7-6 سے یادگار فتح دلائی۔ الجزائر نے اسٹارٹ کے فوراً بعد عادل بولبینہ کے گول سے برتری حاصل کی، لیکن متحدہ عرب امارات کی طرف سے برونو کونسیساؤ نے 63ویں منٹ میں ایک عمدہ ٹیم موو کو مکمل کرتے ہوئے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
سیمی فائنل میں متحدہ عرب امارات کا مقابلہ ایک مضبوط اور فارم میں موجود ٹیم مراکش سے ہوگا۔ مراکش نے گروپ مرحلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جہاں انہوں نے دو میچ جیتے اور ایک ڈرا کیا تھا۔ کوارٹر فائنل میں انہوں نے فلسطین کو 2-1 سے شکست دے کر آخری چار میں جگہ بنائی ہے۔الجزائر کے خلاف فتح کے بعد گول کیپر حمد المقبالی نے کہا کہ ہم اس فتح کے مستحق تھے اور اس کامیابی نے ایک سخت میچ کے باوجود ہمیں بے پناہ خوشی دی ہے۔ کوچ نے ہمیں مثبت توانائی دی، صحیح طریقے سے حوصلہ افزائی کی اور ہم پر اعتماد ظاہر کیا۔ متحدہ عرب امارات کا سیمی فائنل تک کا سفر بھی آسان نہیں رہا، جہاں انہوں نے گروپ سی میں اردن سے ہارنے کے بعد، مصر سے ڈرا کھیلا اور کویت کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ۔