اَمبی، 14 دسمبر (یو این آئی )چاما ملند اور تنَے تیاگ راجن کی شاندار گیندبازی (تین، تین وکٹیں) کے بعد تنمے اگروال (73) اور راہل بدھی (55) کی عمدہ بلے بازی کی بدولت حیدرآباد نے اتوار کو سید مشتاق علی ٹرافی 2025 کے سپر لیگ گروپ اے کے مقابلے میں راجستھان کو 17 گیندیں باقی رہتے ہوئے چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے راجستھان نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں پر 178 رنز بنائے۔ راجستھان کی شروعات خراب رہی اور ٹیم نے 19 کے مجموعی اسکور پر تین وکٹیں گنوا دیں۔ بعد ازاں مہپال لومرور اور کنال سنگھ راٹھور نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ کنال سنگھ راٹھور نے 16 گیندوں میں 27، مکول چودھری نے 11 گیندوں میں 20، کملیش ناگرکوٹی نے 29 جبکہ اشوک شرما 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مہپال لومرور نے 35 گیندوں پر چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 48 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ کپتان مانَو ستھار پانچ گیندوں پر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ حیدرآباد کی جانب سے چاما ملند اور تنَے تیاگ راجن نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد سراج کو دو کامیابیاں ملیں۔ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17.1 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا۔ تنمے اگروال نے 41 گیندوں پر چار چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ راہل بدھی نے 36 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔ پرگیان ریڈی نے 18، امن راؤ نے 14 اور مکِل جیسوال نے ناٹ آؤٹ 13 رنز کا تعاون دیا۔ راجستھان کی جانب سے کملیش ناگرکوٹی اور مانَو ستھار نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔









