کراچی،یکم دسمبر(یو این آئی ) آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دیکر اوور40ٰ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا خطاب اپنے نام کرلیا۔ (40 برس سے زائد عمر )ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل میں آسٹریلیا نے ناقابل شکست میزبان پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی، سابق ٹیسٹ کرکٹر فوادعالم کی آل راؤنڈ کارکردگی رائیگاں چلی گئی۔ شائقین آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کی راہ دیکھتے رہ گئے وھ نہیں آئے۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم پر کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے، فواد عالم اور ندیم جاوید نے 24، 24 رنز بنائے، آسٹریلوی بولر کیرلی نے 22 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
آسٹریلیا کرکٹ ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا، اسٹیف نوٹلی نے 40 گیندوں پر 47 اوراسٹیفن پیلسن نے 34 گیندوں پر 42 رنز بنائے، فواد عالم نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی بہترین کارکردگی دکھائی اور 2 کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔ پاکستان کے ہمایوں فرحت 312 رنز بناکر ایونٹ کے بہترین بیٹر قرار پائے، آسٹریلیا کے مارک کیلری نے 19 وکٹیں حاصل کرکے بہترین بولر ہونے کا اعزاز حاصل کیا، ہانگ کانگ کے خالد قریشی بہترین وکٹ کیپر اور ریسٹ آف ورلڈ کے ہر شاد بہترین فیلڈر قرار پائے۔
ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز ہمایوں فرحت نے حاصل کیا انہوں نے ایونٹ میں 23 چھکے لگائے، ویسٹ انڈیز کے انٹونیل اٹولیا پلیئر اف ٹورنامنٹ قرار پائے۔تقریب تقسیم انعامات میں پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میاں داد، مشتاق محمد، صادق محمد، جلال الدین، پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز خان ودیگر بھی موجود تھے۔









