ٹوکیو، 25 نومبر (یو این آئی ) ہندوستان کے چیتن ہنومنت سپکل نے 25 میٹر ریپڈ فائر پستول مقابلے میں چھٹا مقام حاصل کیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی نشانے بازوں نے ٹوکیو میں ہونے والے 25ویں سمر ڈیفلیمپکس میں کل 16 میڈلز جیت کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا شوٹنگ کیمپین ختم کیا۔چیتن نے 564-5x کے اسکور کے ساتھ فائنل میں تیسرے نمبر پر کوالیفائی کیا تھا، لیکن چھ فائنلسٹوں میں وہ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ سب سے پہلے ایلیمینیٹ ہوئے۔ساؤتھ کوریا کے سِیونگ ہوا لی نے گولڈ میڈل جیتا، ان کے ہم وطن تائے یونگ کم نے کانسہ حاصل کیا جبکہ یوکرین کے سرہی اوہوروڈنک نے سلور جیتا۔
ہندوستانی نشانے بازوں نے ٹوکیو کی شوٹنگ رینج میں شاندار دبدبہ قائم رکھا۔ دس دن کے مقابلوں میں شوٹنگ کے 39 میڈلز میں سے 16 ہندوستان نے اپنے نام کیے، جن میں سات گولڈ، چھ سلور اور تین برونز شامل تھے۔اس مہم کی سب سے کامیاب شوٹر رائفل شوٹر ماہیت سندھو رہیں، جنہوں نے دو گولڈ اور دو سلور سمیت کل چار میڈلز جیتے۔ ان کے بعد پستول شوٹر ابھینو دیشوال اور پرانجلی پرفل دھومل نے بھی نمایاں کارکردگی پیش کی ۔دیشوال نے دو گولڈ اور ایک سلور، جبکہ دھومل نے دو گولڈ اور ایک سلور حاصل کیا۔دھنوش سری کانت نے 10 میٹر ایئر رائفل انفرادی اور مکسڈ ٹیم دونوں میں دو گولڈ جیتے، جب کہ محمد مرتضی وانیہ (ایک سلور، ایک برونز) اور کومل ملند واگھمارے (دو برونز) نے بھی دو دو میڈلز اپنے نام کیے۔انویا پرساد نے 10 میٹر ایئر پستول ویمنز میں گولڈ، شوریہ سینی نے 50 میٹر تھری پوزیشن میں سلور اور کشاگر سنگھ راجاوت نے 50 میٹر رائفل پرون میں برونز میڈل حاصل کیا۔
گزشتہ ایڈیشن میں، جو برازیل کے کیشیاڈو ڈو سل میں منعقد ہوا تھا، ہندوستان نے تین گولڈ اور دو برونز سمیت کل پانچ میڈلز جیتے تھے۔