ڈھاکہ، 24 نومبر ( یو این آئی ) ہندوستان نے بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں خواتین کبڈی ورلڈ کپ 2025 کے فائنل میں چینی تائپی کو 35-28 سے شکست دے کرخطاب اپنے نام کر لیا۔یہ ہندوستانی خواتین کبڈی ٹیم کا مسلسل دوسرا ورلڈ کپ خطاب ہے۔ اس سے قبل 2012 میں بہار کے پٹنہ میں منعقدہ پہلے ایڈیشن میں بھی ہندوستان نے فاتح کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ہندوستان نے اس سے 13 سال قبل فائنل میں اسلامی جمہوریہ ایران کو ہرا کر ٹائٹل جیتا تھا۔دوسرے خواتین کبڈی ورلڈ کپ کے تمام میچ ڈھاکہ کے شہید سہروردی انڈور اسٹیڈیم میں ہوئے۔ ہندوستان نے ورلڈ خطاب کے لیے مقابلہ کرنے والی 11 ٹیموں پر سبقت حاصل کی۔
ٹورنامنٹ میں میزبان بنگلہ دیش کے علاوہ چینی تائپی، جرمنی، ایران، کینیا، نیپال، پولینڈ، تھائی لینڈ، یوگنڈا اور زنجبار نے حصہ لیا۔ہندوستان نے اپنے ابتدائی تین گروپ میچ جیت کر خواتین کبڈی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ سیمی فائنل میں انہوں نے ایران کو 33-21 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی ۔چینی تائپی نے سیمی فائنل میں میزبان بنگلہ دیش کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔