سڈنی، 23 نومبر (یو این آئی )یندوستان کے ٹاپ رینکنگ مرد سنگلز بیڈمنٹن کھلاڑی لکشہ سین نے اتوار کو سڈنی میں آسٹریلین اوپن 2025 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ جیت کر اپنے کیریئر کا چھٹا اور اس سال کا پہلا BWF ورلڈ ٹور ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔چودہویں نمبر کے سین کو BWF سپر 500 ٹورنامنٹ کے فائنل میں جاپان کے عالمی نمبر 26 یوشی تاناکا پر 21-15، 21-11 سے صرف 38 منٹ میں جیت حاصل ہوئی۔ یہ دونوں شٹلرز کے درمیان پہلا مقابلہ تھا۔سڈنی میں سین کی یہ فتح گزشتہ سال دسمبر میں سید مودی انٹرنیشنل کے بعد ان کا پہلا BWF ورلڈ ٹور ٹائٹل ہے۔ان کے کیریئر میں 2019 میں دو سپر 100 ٹائٹل – ڈچ اوپن اور سارلورلکس اوپن، 2022 میں انڈیا اوپن سپر 500، اور 2023 میں کینیڈا اوپن سپر 500 شامل ہیں۔
سین اس سال BWF ورلڈ ٹور پر ٹائٹل جیتنے والے صرف دوسرے ہندوستانی کھلاڑی بھی بنے، جن سے پہلے آیوش شیٹی نے جون میں یو ایس اوپن سپر 300 ٹائٹل جیتا تھا۔فائنل میں، سین نے ابتدائی گیم میں مسلسل چار پوائنٹس بنا کر 7-3 کی برتری حاصل کی۔ تاناکا نے عارضی طور پر اسکور 17-15 کر لیا، مگر ساتویں سیڈ کے ہندوستانی کھلاڑی نے چار پوائنٹس کی برتری لے کر گیم اپنے نام کر لیا۔
دوسرے گیم میں بھی یہی صورتحال رہی، سین نے وقفہ تک چھ پوائنٹس کی برتری حاصل کی اور آخر تک مضبوط کھیل پیش کر کے شاندار فتح حاصل کی۔لکشہ سین نے سیمی فائنل میں چاؤ ٹین چین کے خلاف تین میچ پوائنٹس بچا کر جیت حاصل کی اور فائنل میں اپنی لہر برقرار رکھی۔ کوارٹر فائنل میں سن نے ہم وطن آیوش شیٹی کو شکست دی۔اس سال کے آغاز میں سین ہانگ کانگ اوپن میں رنر اپ رہے اور پچھلے ہفتے کوماموتو ماسٹرز سمیت دو سیمی فائنلز میں بھی کھیلے۔









