رباط،20 نومبر (یو این آئی )ٌ پیرس سینٹ جرمین کے مراکشی رائٹ بیک اشرف حکیمی رباط میں منعقدہ سی اے ایف ایوارڈز 2025 میں افریکن فٹبالر آف دی ایئر قرار پائے۔ وہ 52 سال بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے ڈیفینڈر بن گئے، انہوں نے ووٹنگ میں محمد صلاح اور وکٹر اوسیمن کو پیچھے چھوڑا۔مراکشی اسٹار حکیمی کو پی ایس جی کے ساتھ کامیابیوں سے بھرپور سال 2025 گزارنے پر یہ ایوارڈ دیا گیا، جس میں انہوں نے چمپئنز لیگ، لیگ 1 ٹائٹل، کوپ دے فرانس اور یوئیفا سپر کپ جیتے۔وہ 1998 میں مصطفیٰ حاجی کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے مراکشی کھلاڑی ہیں، جبکہ دفاعی کھلاڑی کے طور پر آخری بار 1973 میں زائر کے سینٹر بیک بوانگا شمین نے یہ ایوارڈ جیتا تھا۔حکیمی نے اس موقع پر کہا، میرے لیے یہ بہت فخر کا لمحہ ہے کہ میں نے یہ باوقار ایوارڈ جیتا۔ یہ ٹرافی صرف میری نہیں بلکہ افریقہ کے ان تمام مرد و خواتین کی ہے جو فٹبالر بننے کے خواب دیکھتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا میں ان تمام لوگوں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے بچپن سے مجھ پر یقین رکھا کہ میں ایک دن پروفیشنل فٹبالر بنوں گا۔تقریب میں مراکش نے کئی دیگر ایوارڈز بھی اپنے نام کیے، جن میں خواتین کی فٹبالر آف دی ایئر کا اعزاز سعودی کلب کی فارورڈ غزلان شباک کے حصے میں آیا، جبکہ الہلال کے یاسین بونو کو گول کیپر آف دی ایئر قرار دیا گیا۔خواتین کے گول کیپر آف دی ایئر کا ایوارڈ مسلسل تیسرے سال نائجیریا کی چیمکا نادوژی نے جیتا، جو حال ہی میں ویمنز سپر لیگ میں برائٹن اینڈ ہوو البیون کا حصہ بنی ہیں۔کیپ وردے کے بوبِستا کو کوچ آف دی ایئر قرار دیا گیا۔
جنہوں نے اپنی ٹیم کو پہلی بار اگلے سال امریکہ، میکسیکو اور کناڈا میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرایا۔