سڈنی، 18 نومبر (یو این آئی ) ایشیائی کھیلوں کے چیمپئن ساتوِک سائی راج رینکی ریڈّی اور چیراغ شیٹّی نے منگل کو سڈنی میں آسٹریلین اوپن 2025 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے مردوں کے ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔بی ڈبلیو ایف سپر 500 ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑیوں نے راؤنڈ آف 32 کے میچ میں غیر سیڈ شدہ چینی تائپے کی جوڑی چانگ کو-چی اور پو لی-ویئی کو 48 منٹ میں 25-23، 21-16 سے شکست دی۔ہندوستانی جوڑی نے سست آغاز کیا اور ابتدائی گیم میں 6-2 سے پیچھے تھی، مگر مسلسل چار پوائنٹ بنا کر واپسی کی اور مقابلہ برابر کر دیا۔چانگ کو-چی اور پو لی-ویئی نے 9-7 پر دوبارہ برتری حاصل کی، لیکن چراغ اور ساتوِک نے جدوجہد جاری رکھی اور اسکور 9-9 اور پھر 16-16 کر دیا۔ 19-19 پر میچ سخت ہو گیا، جہاں ٹاپ سیڈ جوڑی نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور تین گیم پوائنٹ بچا کر پہلا گیم جیت لیا۔دوسرے گیم کا منظر بھی کچھ ایسا ہی رہا۔ چراغ-ساتوِک نے 7-4 کی برتری حاصل کی، لیکن چینی تائپے کی جوڑی نے واپسی کرتے ہوئے اسکور 8-8 کر دیا اور پھر 10-8 سے آگے ہوگئی۔اس کے بعد ہندوستانی کھلاڑیوں نے رفتار تبدیل کی اور مسلسل چھ پوائنٹ حاصل کر کے چار پوائنٹ کی برتری بنا لی۔ چانگ کو-چی اور پو لی-ویئی نے فرق کو دو پوائنٹ تک کم کیا، لیکن چراغ اور ساتوِک نے مزید تین پوائنٹ حاصل کر کے میچ اپنے نام کر لیا اور دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا آمنے سامنے کا مقابلہ جیت لیا۔
چراغ-ساتوِک اب کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لیے چینی تائپے کے سو چِنگ-ہینگ اور وو گوان-زون سے مقابلہ کریں گے۔ادھر، جولائی کے بعد پہلی بار بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور میں واپسی کرنے والی ہندوستان کی ٹاپ ویمنز ڈبلز جوڑی ٹریسا جولی اور گایتھری گوپی چند کو سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔ چوتھی سیڈ اور عالمی رینکنگ میں 14ویں نمبر پر موجود ندوستانی جوڑی کو انڈونیشیا کی 83ویں رینک والی فیبریانا دوی پُجی کوسوما اور میلیسا تریاس پشپیتاساری نے 40 منٹ میں 21-10، 21-14 سے ہرا دیا۔عالمی چیمپئن شپ کے میڈل یافتہ لکشیہ سین، ایچ ایس پرنئے اور کدنبی سری کانت، ساتھ ہی ابھرتے ہوئے کھلاڑی آیوش شیٹّی بدھ کے روز مردوں کے سنگلز میں اپنی مہم کا آغاز کریں گے۔









