نئی دہلی، 17 نومبر (یو این آئی )اولمپین گرپریت سنگھ 25 میٹر سینٹر فائر پسٹل مقابلے میں عالمی چیمپئن بننے کے بہت قریب پہنچ گئے تھے، لیکن یوکرین کے پاؤلو کوروسٹائیلوف سے انر 10 کی بنیاد پر ہارنے کے بعد انہیں نقرئی تمغے سے ہی اکتفا کرنا پڑا۔مصر کے قاہرہ میں اولمپک شوٹنگ رینج میں منعقدہ اس مقابلے میں گرپریت سنگھ نے نقرئی تمغہ حاصل کیا۔ عالمی چیمپئن شپ میں یہ گرپریت کا دوسرا انفرادی میڈل ہے۔ اس سے پہلے وہ 2018 میں چانگ وون میں 25 میٹر اسٹینڈرڈ پسٹل ایونٹ میں بھی نقرئی تمغہ جیت چکے ہیں۔ فرانس کے یان پیئر لوئی فریڈرسی نے کانسی کا تمغہ جیتا۔
گرپریت نے دو روزہ مقابلے میں پریسژن اور ریپڈ دونوں راؤنڈز میں مجموعی طور پر 584 پوائنٹس اسکور کیے، جبکہ کوروسٹائیلوف نے 29 انر 10 اور آخری ریپڈ راؤنڈ میں 100 کا پرفیکٹ اسکور بنا کر طلائی تمغہ جیت لیا۔ہندوستانی نشانے باز پری سشن راؤنڈ کے بعد 288 پوائنٹس (95، 97، 96) کے ساتھ نویں مقام پر تھے۔ دوسرے دن انہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے ریپڈ راؤنڈ میں 296 پوائنٹس (98، 99، 99) اسکور کیے اور نقرئی تمغہ اپنے نام کیا۔یوکرینی نشانے باز، جو پریسژن کے بعد 291 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر تھے، نے ریپڈ راؤنڈ میں 293 پوائنٹس اسکور کیے اور گورپریت کے مجموعی اسکور کی برابری کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا۔
پری سشن راؤنڈ میں 291 پوائنٹس کے ساتھ تمغے کی دوڑ میں شامل ہربریت سنگھ ریپڈ راؤنڈ میں صرف 286 پوائنٹس اسکور کر پائے اور آخرکار نویں نمبر پر رہے۔
مقابلے میں شامل دیگر ہندوستانی نشانے باز ساحل چودھری 561 پوائنٹس کے ساتھ 28 ویں مقام پر رہے۔ تینوں شوٹر ٹیم میڈل کی دوڑ سے باہر رہے اور مجموعی طور پر پانچویں مقام پر رہے۔ ہنندوستان نے عالمی چیمپئن شپ میں کل 13 تمغوں (3 طلائی، 6 نقرئی اور 4 کانسی) کے ساتھ تیسرے مقام پر اپنا سفر مکمل کیا۔ چین نے 12 طلائی، سات نقرئی اور دو کانسی جبکہ جنوبی کوریا نے سات طلائی، تین نقرئی اور چار کانسی کے تمغے جیتے۔10 میٹر ایئر پسٹل میں سمراٹ رانا، 50 میٹر اسٹینڈرڈ پسٹل میں رویندر سنگھ اور 10 میٹر مرد ایئر پسٹل ٹیم نے طلائی تمغے جیتے۔جبکہ 50 میٹر تھری پوزیشن مردوں میں ایشوریا پرتاپ سنگھ تومر، 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل میں انیش بھان والا، 25 میٹر سینٹر فائر پسٹل میں گرپریت سنگھ، 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم میں ایشا سنگھ اور سمراٹ رانا، 10 میٹر خواتین ایئر پسٹل ٹیم اور 50 میٹر مرد اسٹینڈرڈ پسٹل ٹیم نے نقرئی تمغے جیتے۔25 میٹر اسپورٹس پسٹل میں ایشا سنگھ، 10 میٹر ایئر رائفل میں الاوینل والاریون، 10 میٹر ایئر پسٹل میں ورون تومر اور 10 میٹر خواتین ایئر رائفل ٹیم نے ہندوستان کے لیے کانسی کے تمغے جیتے۔









