نئی دہلی، 14 نومبر (یو این آئی) ہاکی انڈیا نے جمعہ کو تامل ناڈو میں ہونے والے ایف آئی ایچ مردوں کے جونیئر ورلڈ کپ 2025 کیلئے 18 رکنی ہندوستانی جونیئر مردوں کی ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ یہ ٹورنامنٹ 28 نومبر سے 10 دسمبر تک چنئی اور مدورئی میں منعقد ہوگا۔ ہندوستان کے سابق گول کیپر پی آر شریجیش کی کوچنگ میں تیار کی گئی اس ٹیم کو پول بی میں چلی، سوئزرلینڈ اور عمان کے ساتھ رکھا گیا ہے، جو پاکستان کی جگہ ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔انڈیا کولٹس کی قیادت ڈیفینڈر اور ڈریگ فلیکر روہت کریں گے، جنہوں نے حال ہی میں ملائیشیا میں منعقدہ سلطان آف جوہور کپ میں شاندار کارکردگی دکھائی تھی، جہاں ٹیم نے رَنرز اَپ کا مقام حاصل کیا تھا۔بکرم جیت سنگھ اور پرنس دیپ سنگھ کو گول کیپر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ دفاعی لائن میں کپتان روہت کے ساتھ گزشتہ جونیئر ورلڈ کپ کھیلنے والے تجربہ کار کھلاڑی عامر علی، انمول ایکا، تلیِم پریو برٹا، سنیل پلاکشپّا بینور اور شاردانند تیواری ٹیم کو مضبوط بنائیں گے۔مڈفیلڈ میں انکیت پال، اَداروہت ایکا، تھوناؤجم انگلیبا لوانگ، منمیت سنگھ اور رَوسن کُجور شامل ہوں گے، جبکہ فارورڈ لائن میں سوربھ آنند کُشواہا، ارشدیت سنگھ، اجیت یادو، دلراج سنگھ اور گرجوت شامل ہیں، جنہوں نے گزشتہ سال چین کے ہولون بُوئیر میں سینئر ہندوستانی ٹیم کے ساتھ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں ڈیبیو کیا تھا۔رونیِت سنگھ اور روہت کُلّو کو رِزرو کھلاڑیوں کے طور پر رکھا گیا ہے۔بدقسمتی سے، انڈیا کولٹس کو اریجیت سنگھ ہُندل کی کمی محسوس ہوگی، جو کاندھے کی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور اس مرتبہ جونیئر ورلڈ کپ میں شامل نہیں ہو سکیں گے۔









