میلبرن، 31 اکتوبر (یو این آئی) جاش ہیزل وُڈ (تین وکٹ)، زیویر بارٹلیٹ اور نیتھن ایلس (دو، دو وکٹ) کی شاندار گیندبازی کے بعد کپتان مچل مارش (46) اور ٹریوس ہیڈ (28) کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت آسٹریلیا نے جمعہ کے روز دوسرے ٹی-20 میچ میں ہندوستان کو 40 گیندیں باقی رہتے ہوئے چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ اسی کے ساتھ آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
126 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کے کپتان مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ نے عمدہ شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 51 رنز جوڑے۔ پانچویں اوور میں ورُن چکرورتی نے ٹریوس ہیڈ کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ ٹریوس ہیڈ نے 15 گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکا لگا کر 28 رنز بنائے۔
اس کے بعد آٹھویں اوور میں کلدیپ یادو نے مچل مارش کو پویلین بھیج دیا۔ مارش نے 26 گیندوں پر دو چوکے اور چار چھکے لگاتے ہوئے 46 رنز بنائے۔
ٹم ڈیوڈ (1) کو ورُن چکرورتی نے جبکہ جاش انگلس (20) کو کلدیپ یادو نے آؤٹ کیا۔
جیت سے صرف دو رنز دور آسٹریلیا کو جسپریت بمراہ نے مچل اووین (14) اور اگلی ہی گیند پر میتھیو شارٹ (صفر) کو آؤٹ کر کے کچھ وقت کے لئے ہندوستانی کیمپ میں جوش پیدا کردیا، لیکن14ویں اوور کی دوسری گیند پر مارکس اسٹوئنس نے دو رنز لے کر اسکور چھ وکٹ پر 126 تک پہنچایا اور میچ آسٹریلیا کے نام کر دیا۔ مارکس اسٹوئنس چھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جاش ہیزل وُڈ کو ان کی شاندار گیندبازی کے لیے ‘پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ہندوستان کی جانب سے کلدیپ یادو، جسپریت بمراہ اور ورُن چکرورتی نے دو، دو وکٹ حاصل کیے۔