سڈنی، 24 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستان ،آسٹریلیا کے خلاف تیسرا ون ڈے میچ جیت کر ساکھ بچانے کے ارادے سے میدان میں اترے گا۔ پچھلے دو میچوں میں ناکام رہے کپتان شبھمن گل اور وراٹ کوہلی پر سب کی نظریں مرکوز ہوں گی۔سابق کپتان اور شاندار اینکر کوہلی نے اس سیریز میں ابھی تک اپنے دبدبے کا مظاہرہ نہیں کیا ہے، جبکہ ٹیم کی قیادت کر رہے گل اوپننگ میں کنٹرول بنانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان کے کندھوں پر بہت بڑا بوجھ ہے۔ روہت شرما اور وراٹ کوہلی جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو ہر محاذ پر شکست دی ہے۔ کوہلی اور روہت اب صرف ون ڈے میچ کھیلتے ہیں، اس لیے دونوں ہی بلے باز سیریز کے آخری میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سیریز کو خوشگوار انجام دینا چاہیں گے۔کپتان شبھمن گل کے لیے یہ دورہ کپتانی کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کے اعتبار سے بھی اچھا نہیں رہا۔ گل نے پہلے دو میچوں میں مجموعی طور پر صرف 19 رنز بنائے ہیں۔ مڈل آرڈر میں کے ایل راہل نے پہلے اور شریاس ایر نے دوسرے میچ میں اچھی بیٹنگ کی تھی، لیکن ہندوستان امید کرے گا کہ یہ دونوں کھلاڑی ایک ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔سڈنی میں ہندوستان کو چیلنج دینے کے لیے کوہلی کو اپنی فارم، ٹائمنگ اور دبدبہ واپس لانا ہوگا اور گل کو اننگ کی شروعات میں مثال قائم کرتے ہوئے قیادت کرنی ہوگی تاکہ بعد میں آنے والوں کے لیے ماحول تیار ہو سکے۔









