بیجنگ 06 اکتوبر(یو این آئی ) سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس اسٹار نوویک جوکووچ اور ڈنمارک کے ہولگر رونے شنگھائی ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے جبکہ اٹلی کے نامور ٹینس سٹارعالمی نمبر ٹو اور ایونٹ کے دفاعی چیمپئن جینک سنر انجری کے باعث تیسرے راؤنڈ کے دوران مقابلے سے دستبردار ہو گئے۔ شنگھائی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ میں اہم موڑ اُس وقت آیا جب دفاعی چیمپئن اٹلی کے جینک سنر انجری کے باعث تیسرے راؤنڈ کے دوران مقابلے سے دستبردار ہو گئے۔ دنیائے ٹینس کے معروف کھلاڑی اور عالمی نمبر ٹو 24 سالہ جینک سنرکا مقابلہ نیدرلینڈز کے ٹیلن گریکسپور کے خلاف تھا تاہم سخت مقابلے کے بعد تیسرے سیٹ میں ٹانگ کی تکلیف کے باعث مزید کھیل جاری نہ رکھ سکے اور مقابلے سے دستبردار ہوگئے۔ میچ کے سکور 6-7(3-7)،7-5اور 3-2 تھا کہ جینک سنر انجری مسائل کے باعث مقابلہ جاری نہ رکھ پائے ۔
سربیا کے 38 سالہ نوویک جوکووچ نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے میچ میں جرمنی کے حریف کھلاڑی یانک ہنف مین کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ ڈنمارک کے ہولگر رونے نے تیسرے میچ میں فرانسیسی حریف کھلاڑی ہوگو ہمبرٹ کو شکست دی ۔ چین میں جاری اے ٹی پی ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میچ میں 38 سالہ سربین ٹینس سٹار نوویک جوکووچ عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے جرمنی کے حریف کھلاڑی یانک ہنف مین کو6-4، 5-7 اور 3-6سے ہرا کر ایونٹ کے ٹاپ 16 رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا جہاں فاتح سربین ٹینس سٹار نوویک جوکووچ کا مقابلہ ہسپانوی حریف کھلاڑی جمے انتونی منار کلار سے ہوگا۔ تیسرے رائونڈ کے ایک اور میچ میں 22 سالہ ڈنمارک کے ٹینس کھلاڑی ہولگر رونے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانسیسی حریف کھلاڑی ہوگو ہمبرٹ کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 4-6 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔