دبئی، 25 ستمبر(یواین آئی) ایشیا کپ سپر-4 کے آخری میچ میں ٹیم انڈیا جمعہ کو سری لنکا سے مڈبھیڑے گی۔ ٹیم انڈیا نے سپر-4 کے دونوں میچ جیت کر پہلے ہی فائنل میں جگہ بنا لی ہے اور یہ مقابلہ اس کے لیے تیاریوں کے لحاظ سے آخری امتحان ہوگا۔
دوسری جانب، ابتدائی دو میچ ہارنے کے بعد سری لنکا کی ٹیم پہلے ہی ٹرافی کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔ اس دوران میچ سے متعلق اہم نکات پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔اب تک ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ کے 31 میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ اس دوران ٹیم انڈیا نے 21 میچ اپنے نام کیے ہیں۔ سری لنکا کو نو مقابلوں میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ایک میچ میں کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے آخری پانچ میچوں میں ہندوستانی ٹیم نے چار میچ جیتے ہیں، جبکہ سری لنکا صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔ہندوستان کی بنگلہ دیش پر فتح کے ساتھ ہی سری لنکا فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا، جسے سپر-4 میں بنگلہ دیش اور پاکستان نے بھی ہرایا تھا۔ ہندوستان نے فیلڈنگ کے شعبے میں مایوس کن کارکردگی دکھائی تھی۔ بڑے میچوں میں اس طرح کی کوتاہی کی گنجائش نہیں ہوتی اور اسپنر ورون چکرورتی نے بھی تسلیم کیا کہ اس شعبے میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ ورون کی گیندوں پر بھی کئی کیچ چھوڑے گئے ہیں۔ہندوستانی ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بولر جسپرِت بمراہ کو فائنل سے پہلے تازہ دم رکھنے کے لیے سری لنکا کے خلاف آرام دیا جا سکتا ہے۔
تاہم، دیکھنا ہوگا کہ یہ تیزگیندباز اس کے لیے تیار ہیں یا نہیں۔ بمراہ کو عمان کے خلاف آرام دیا گیا تھا، لیکن پاکستان کے خلاف اگلے میچ میں وہ کافی مہنگے ثابت ہوئے تھے۔ البتہ، بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں بمراہ وکٹ لینے میں کامیاب رہے تھے۔اگر بمراہ باہر بیٹھتے ہیں تو ان کی جگہ ارشدیپ سنگھ کو موقع مل سکتا ہے۔
ان کھلاڑیوں کی کارکردگی پر رہے گی نظر:
ابھیشیک شرما نے ایشیا کپ 2025 میں پانچ میچ کھیلے ہیں اور ان پانچ اننگز میں 49.60 کی اوسط اور 206.66 کی اسٹرائیک ریٹ سے 248 رنز بنائے ہیں۔سری لنکا کے پتھوم نسنکا نے پانچ اننگز میں 30.80 کی اوسط اور 146.66 کی اسٹرائیک ریٹ سے 154 رنز بنائے ہیں۔گیندبازی میں کلدیپ یادو نے پانچ اننگز میں 8.08 کی شاندار اوسط کے ساتھ 12 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ہسراںگا نے پانچ اننگز میں 17 کی اوسط سے 7 وکٹیں حاصل کی ہیں۔