ابو ظہبی،24 ستمبر(یو این آئی )ٹی20 ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 133 رنز کا ہدف 5 وکٹ کے نقصان پر 12 گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا۔میچ کے دوران ایک وقت تھا کہ پاکستان کی 4 ٹاپ آرڈر بیٹرز 57 رنز پر پویلین لوٹ گئے، صاحبزادہ فرحان 24، فخر زمان 17، کپتان سلمان علی آغا 5 اور صائم ایوب صرف 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے۔ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے بیٹر محمد حارث تھے، جو 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، چھٹی وکٹ پر حسین طلعت اور محمد نواز نے 58 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد نواز نے 24 گیندوں پر 38 رنز بنائے، انہوں نے اس دوران 3 چھکے اور 3 چوکے لگائے جبکہ حسین طلعت نے 30 گیندوں پر 32 رنز کی باری کھیلی اور اس دوران 4 بار گیند کو باؤنڈری لائن کے پار پہنچایا۔ پہلی اننگز میں سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 133 رنز بنائے، کامندو مینڈس نے 50 رنز کی نمایاں باری کھیلی۔ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی، یہ فیصلہ اُس وقت درست ثابت ہوا جبکہ آدھی ٹیم 58 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
سری لنکا کے پاتھن اسالنکا 20، پریرا اور ہاسارنکا 15، 15، پاتھن نسانکا 8 اور کوشل مینڈس صفر پر میدان چھوڑ گئے جبکہ چمیکا کرونارتنے 17 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، حارث رؤف اور حسین طلعت نے 2، 2 جبکہ ابرار احمد نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔ پاکستان کے حسین طلعت کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔









