پٹنہ، 19 ستمبر (یواین آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جمعہ کے روز ہیرو ایشیا کپ 2025 کی فاتح ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں، ہیڈ کوچ اور اسسٹنٹ کوچز کو-10 10 لاکھ روپے اور معاون عملے کو-5 5 لاکھ روپے کی روپے کی اعزازی رقم اور توصیفی اسناد دے کر اعزاز سے سرفراز کیا ۔مسٹر کمار نے وزیراعلیٰ سکریٹریٹ میں ‘سمواد میں منعقدہ پروقار تقریب کے دوران ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ کو کھلاڑیوں اور معاون عملے کے لیے کل دو کروڑ 50 لاکھ روپے کا علامتی چیک پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مسٹر کمار نے ہندوستانی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں، ہیڈ کوچ، اسسٹنٹ کوچ اور معاون عملہ کو ان کی جیت پر مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کی خواہش کی۔ قابل ذکر ہے کہ راجگیر اسپورٹس کمپلیکس میں واقع ریاستی اسپورٹس اکیڈمی-کم-بہار اسپورٹس یونیورسٹی، راجگیر کے ہاکی اسٹیڈیم میں مردوں کا ہاکی ایشیا کپ 2025 کا انعقاد29 اگست سے 7 ستمبر تک کیا گیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں ایشیا کی آٹھ بڑی ٹیموں ہندوستان، چین، جاپان، جنوبی کوریا،ملیشیا،قزاقستان، چینی تائپے اور بنگلہ دیش کی ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ وزیر اعلی نتیش کمار نے 17 اگست 2025 کو پٹنہ میں ٹورنامنٹ کے لوگو اور میسکوٹ کی نقاب کشائی کی تھی۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے 29 اگست کو راجگیر میں ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا تھا۔ راجگیر میں منعقدہ اس کھیل مقابلے میں ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے فائنل میں جنوبی کوریا کو شکست دے کر اس ٹورنامنٹ میں فتح حاصل کی تھی۔ اس جیت کے بعد وزیر اعلیٰ نے ہندوستانی ہاکی ٹیم کے 20 کھلاڑیوں کو-10 10 لاکھ روپے اور 10 معاون اسٹاف کے لیے-5 5 لاکھ روپے کے نقد انعامات کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کو بھی راجگیر میں منعقدہ ایشیا کپ جیتنے پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے انعامی رقم سے نوازا تھا۔ پروگرام کے دوران ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے اس اعزاز پر وزیر اعلیٰ مسٹر کمار کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں ہیرو ایشیا کپ 2025 کے کامیاب انعقاد کو بیان کرنے والی ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ پروگرام میں دونوں نائب وزرائے اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا، دیہی ترقی کے وزیر شرون کمار، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر ایس سدھارتھ، جنرل ایڈمنسٹریشن اور اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر بی راجندر، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری کمار روی، وزیر اعلیٰ کے خصوصی ایگزیکیٹو افسر گوپال سنگھ، بہار اسٹیٹ اسپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل رویندر ن شنکرن، کھیل محکمہ کے ڈائریکٹر مہندر کمار، ہاکی اندیا کے چیئرمین بھولا ناتھ سنگھ ،ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ سمیت ہندوستانی ہاکی ٹیم کے تمام کھلاڑی ، معاون عملہ اور اعزاز پانے والے تمام اراکین موجود تھے۔