ابو ظہبی،18 ستمبر(یو این آئی ) ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کے اوپننگ بلے باز صائم ایوب نے انوکھا کارنامہ انجام دے ڈالا۔صائم ایوب نے ایشیا کپ کے تینوں گروپ میچز میں عمان، ہندوستان اور یو اے ای کے خلاف صفر پر آؤٹ ہونے کی ہیٹ ٹرک کرلی۔وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر میں مجموعی طور پر آٹھویں مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے جو کہ شاہد آفریدی کے ریکارڈ کے برابر ہے۔ ناقص بیٹنگ فارم کی وجہ سے صائم ایوب کو شائقین کی جانب سے سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ تاہم دوسری جانب وہ ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والوں میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ یو اے ای کے جنید صدیقی نو وکٹوں کے ساتھ پھلے اور ہندوستان کے کلدیپ یادیو سات وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ صائم ایوب نے چھ وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ مسلسل صفر پر آؤٹ ہونے کا بدترین ریکارڈ پاکستان کے عبداللہ شفیق کے پاس ہے جو لگاتار چار اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔