ننگبو، 13 ستمبر (یواین آئی) اولمپین اور موجودہ مکسڈ ٹیم پسٹل عالمی چیمپیئن ایشا سنگھ نے انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن (آئی ایس ایس ایف) ورلڈ کپ رائفل/پسٹل، ننگبو (چین) میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کی 10 میٹر ایئر پسٹل ایونٹ میں طلائی تمغہ جیت کر ہندوستان کو مقابلے کا پہلا میڈل دلایا۔
ننگبو اولمپک اسپورٹس سینٹر میں کھیلے گئے فائنل میں ایشا نے میزبان چین کی پسندیدہ اور فارم میں چل رہی یاو چیان سُن کو محض 0.1 پوائنٹس سے شکست دی۔ وہیں اس ایونٹ کی موجودہ اولمپک چیمپیئن کوریا کی او یے جِن کو کانسے کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔پہلی بار ورلڈ کپ ایئر پسٹل ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتنے کے بعد ایشا نے کہا، میں بہت خوش ہوں کیونکہ ایئر پسٹل وہی ایونٹ ہے جس سے میں نے شوٹنگ کا آغاز کیا تھا۔ اس میں ورلڈ کپ گولڈ جیتنا میرے لیے بہت بڑی حصولیابی ہے۔ اپنے کچھ اہداف پورے ہوتے دیکھ کر اچھا لگ رہا ہے۔آنے والے چیلنجز پر انہوں نے کہا،اس سال کا اگلا بڑا ہدف ورلڈ چیمپیئن شپ ہے۔ ہم اس کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ قاہرہ میں ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی شاندار رہے گی۔فائنل کے دوران ذہنی کیفیت پر بات کرتے ہوئے ایشا نے کہا، ہاں، مجھے پتہ تھا کہ ہندوستان کو اب تک کوئی تمغہ نہیں ملا ہے اور مقابلے میں عالمی معیار کے نشانے باز ہیں۔ لیکن میں ان کھلاڑیوں کے خلاف کئی بار فائنل کھیل چکی ہوں اور اب مجھے یقین ہے کہ پسٹل میرے ہاتھ میں ہے اور اصل لڑائی میری اپنے ساتھ ہے۔ اسی لیے میں میچ کو زیادہ سے زیادہ انجوائے کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔ایشا اور ردھم سانگوان نے 578 پوائنٹس بنا کر خواتین کے ایئر پسٹل فائنل کے آخری دو مقامات حاصل کیے۔ یاو چیان سُن 584 کے اسکور کے ساتھ سب سے اوپر رہیں۔ وہیں، صرف رینکنگ پوائنٹس کے لیے کھیل رہی ایشیائی کھیلوں کی چیمپیئن پَلک گُلیا نے شاندار 586 پوائنٹس بنائے، جو سب سے بہتر اسکور تھا۔ ہندوستان کی تیسری شریک کھلاڑی سربھِی راؤ 568 پوائنٹس کے ساتھ 25ویں نمبر پر رہیں۔
آٹھ نشانے بازوں کے فائنل میں ایشا اور ردھم نے شاندار آغاز کیا۔ پہلے پانچ شاٹس کے بعد ردھم سب سے آگے تھیں اور ایشا دوسرے نمبر پر، جبکہ ہنگری کی پیرس اولمپک میڈلسٹ نیکا میجر تعاقب میں تھیں۔دوسری سیریز کے بعد ایشا 0.2 پوائنٹس کی برتری کے ساتھ سرفہرست آگئیں۔ ردھم پانچویں نمبر پر پھسل گئیں اور آخر تک وہیں برقرار رہیں۔سنگل شاٹ شروع ہوتے ہی دباؤ کا اثر اولمپک چیمپیئن او یے جِن پر بھی نظر آیا جب انہوں نے 11ویں شاٹ پر نچلے 8 پوائنٹس لگائے۔ 12ویں شاٹ کے بعد چین کی 19 سالہ ژینگ سب سے پہلے باہر ہوئیں۔ ایشا نے 13ویں شاٹ پر 10.8 کا درست نشانہ لگایا۔ ردھم نے بھی 15ویں شاٹ پر 10.8 مار کر کچھ وقت کے لیے چوتھے نمبر پر آگئیں، لیکن 18ویں شاٹ تک پہنچتے پہنچتے ان کی مہم ختم ہوگئی۔آخری چھ شاٹس میں ایشا 1.1 پوائنٹس سے آگے تھیں، لیکن 19ویں شاٹ کے بعد یاو نے فرق گھٹا کر 0.6 کردیا۔
ایشا نے دباؤ برداشت کرتے ہوئے مسلسل دو 10.7 لگائے اور آخر تک 0.1 پوائنٹس کی معمولی برتری برقرار رکھی۔ انہوں نے 242.6 کے اسکور کے ساتھ طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔دن کے دوسرے ایونٹ، مردوں کی 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل میں، بھاویش شیخاوت 575 پوائنٹس کے ساتھ 22ویں نمبر پر رہے۔ ان کے ہم وطن پردیپ سنگھ شیخاوت بھی اسی اسکور کے ساتھ 23ویں مقام پر رہے، جبکہ مندیپ سنگھ 562 پوائنٹس بنا کر 39ویں نمبر پر رہے۔ایشا کے طلائی تمغے کے ساتھ ہندوستان اب میڈل ٹیبل میں پانچویں نمبر پر پہنچ گیا ہے اور ننگبو میں سونے کا تمغہ جیتنے والے پانچ ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔ میزبان چین دو طلائی، چار چاندی اور ایک کانسے کے ساتھ سرفہرست ہے۔ہندوستان نے اس ورلڈ کپ میں اپنے چوتھے سے چھٹے نمبر کے نشانے بازوں کو موقع دیا ہے، جو مستقبل کے لیے ٹیم کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔









