بنگلورو، 11 ستمبر (یو این آئی) سارانش جین (پانچ وکٹ) اور کمار کارتیکیہ (چار وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت سنٹرل زون نے جمعرات کو دلیپ ٹرافی کے فائنل میچ کے پہلے دن ساؤتھ زون کی پوری ٹیم کو پہلی اننگز میں 149 کے اسکور پر سمیٹ دیا اور دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 50 رنز بنالئے۔ تاہم یہ اب بھی پہلی اننگز میں ساؤتھ زون کے اسکور سے 99 رنز پیچھے ہے۔
ساؤتھ زون کو 149 کے اسکور پر روکنے کے بعد بیٹنگ کے لیے اتری سنٹرل زون نے دانش مالیور اور اکشے واڈکر کی اوپننگ جوڑی کی صبر آزما اننگز کی بدولت اسٹمپ کے وقت 19 اووروں میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 50 رن بنالئے ہیں اور دانش مالیور (28 ناٹ آؤٹ) اور اکشے واڈکر (20) ناٹ آؤٹ کریز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل آج یہاں سنٹرل زون نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ کمار کارتیکیہ نے 16ویں اوور میں موہت کالے (نو) کو آؤٹ کر کے ساؤتھ زون کو پہلا دھچکا دیا۔ کارتیکیہ کا اگلا شکار آر سمرن (ایک) بنے۔ تنمے اگروال (31) تیسرے وکٹ کے طور پر رن آؤٹ ہوئے۔ 57 کے اسکور پر کارتیکیہ نے کپتان محمد اظہر الدین (چار) کو آؤٹ کر کے جنوبی زون کو پانچواں دھچکا دیا۔ سارانش جین نے سی آندرے سدھارتھ (12)، سلمان نظر (24) اور ایم ڈی ندھیش (12) کو اپنا شکار بنایا۔ 63ویں اوور کی چھٹی گیند پر سارانش جین نے انکت شرما (20) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے ساؤتھ زون کی پہلی اننگز 149 پر سمیٹ دی۔
سنٹرل زون کے لیے سارانش جین نے 24 اوورز میں 49 رن دے کر 5 وکٹ اور کمار کارتیکیہ نے 21 اوور میں 53 رن دے کر 4 وکٹ حاصل کئے۔