بنگلورو، 06 ستمبر (یو این آئی) شبھم شرما (96)، کپتان رجت پاٹی دار (77)، اپندر یادو (87) اور ہرش دوبے (75) کی شاندار اننگز کی بدولت سنٹرل زون نے دلیپ ٹرافی سیمی فائنل کے تیسرے دن ہفتہ کو ویسٹ زون کے خلاف آٹھ وکٹوں پر 556 رنز بناکر پہلی اننگز میں 118 رنز کی اہم برتری حاصل کر لی۔ ویسٹ زون نے اپنی پہلی اننگز میں 438 رنز بنائے تھے۔سنٹرل زون نے کل کے دو وکٹوں پر 229 رنز سے آگے کھیل شروع کیا اور اس کے بلے بازوں نے پورے دن شاندار بلے بازی کی۔ ناٹ آؤٹ بلے باز شبھم شرما نے 60 اور پاٹی دار نے 47 رنز سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ شبھم اپنی سنچری سے صرف چار رنز کے فاصلے پر تھے کہ وہ رن آؤٹ ہو گئے۔ شبھم نے 241 گیندوں کی اپنی اننگز میں 11 چوکے لگائے۔
پاٹی دار نے 84 گیندوں پر 77 رنز میں 14 چوکے لگائے۔ اپندر یادو نے 181 گیندوں پر 87 رنز میں آٹھ چوکے اور دو چھکے لگائے۔ ہرش دوبے نے 93 گیندوں پر 75 رنز میں 13 چوکے مارے۔دیپک چاہر نے 52 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے جبکہ سارانش جین 83 گیندوں میں 37 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔









