لاہور، 06 ستمبر (یو این آئی) پاکستان 30 ستمبر کو گوہاٹی میں ہونے والی آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 کی افتتاحی تقریب میں شریک نہیں ہوگا، کیونکہ ٹیم کا کوئی بھی رکن اس ایونٹ کے لیے ہندوستان نہیں جائے گا۔جیو سپر کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستانی ٹیم 2025 کی افتتاحی تقریب میں شامل نہیں ہوگی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے: “شریک میزبان ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان گوہاٹی کے ڈاکٹر بھوپین ہزاریکا کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے پہلے میچ سے قبل ایک شاندار افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں شریک ٹیموں کے کپتان شرکت کریں گے اور عمومی طور پر ایک مشترکہ پریس کانفرنس اور ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ بھی ہوگا۔”تاہم جیو سپر نے بتایا کہ نہ تو پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا اور نہ ہی کوئی اور پاکستانی نمائندہ افتتاحی تقریب کے لیے ہندوستان نہیں آئے گا۔ چینل نے کہا کہ آئندہ ایونٹ سے پاکستان کی ممکنہ غیر موجودگی کی وجہ “فیوزن فارمولہ” ہے، جس کے تحت مردوں کی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بعد نہ تو پاکستان اور نہ ہی ہندوستان اگلے تین برسوں تک کسی بھی آئی سی سی ٹورنامنٹ کے لیے ایک دوسرے کا دورہ کریں گے۔نتیجتاً، “پاکستان ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے اپنے تمام میچ کولمبو کے آر. پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ “اگر پاکستان کی ٹیم29 اکتوبر کو سیمی فائنل یا 2 نومبر کو فائنل میں پہنچتی ہیں، تو دونوں میچ بھی کولمبو ہی میں کھیلے جائیں گے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان اپنی مہم کا آغاز 2 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف اپنے مقررہ مقام پر کرے گا۔









