بئی، 3 ستمبر (یو این آئی) ہرارے میں سری لنکا کے خلاف دو میچوں کی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے زمبابوے کے اسٹار کھلاڑی سکندر رضا اپنے کریئر میں پہلی بار آئی سی سی مردوں کے ون ڈے آل راؤنڈر کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ گیند بازی کی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے گیند باز کیشو مہاراج پہلے نمبر پر ہیں۔ بدھ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق 39 سالہ رضا نے دونوں میچوں میں آؤٹ ہوئے بغیر 92 اور 59 رنز اسکور کیے اور سیریز میں ایک وکٹ لے کر افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی اور محمد نبی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اس کے ساتھ ہی عمرزئی دوسرے اور نبی تیسرے نمبر پر ہیں۔ رضا اس سے قبل دوسرے مقام پر تھے، جو انہوں نے دسمبر 2023 میں حاصل کیا تھا۔رضا کے کُل 151 رنز نے انہیں بیٹنگ کی درجہ بندی میں نو درجےکی بلندی کے ساتھ 22 ویں نمبر پر پہنچا دیا ہے ، جو جون 2023 میں ان کے کریئر کی بہترین 24 ویں پوزیشن سے دو درجے نیچے ہے ۔ وہ گیند بازی میں بھی ایک مقام ترقی کر کے 38 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔
سری لنکا کے سلامی بلے باز پاتھم نسانکا سات درجے کی بلندی کے ساتھ 13 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں ، سری لنکا کے جینتھ لیانج (13 درجات کی ترقی کے ساتھ 29 ویں نمبر پر) اور زمبابوے کے شان ولیمز (تین درجات کی ترقی کے ساتھ 47 ویں نمبر پر) سیریز کے بعد بیٹنگ رینکنگ میں آگے بڑھنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں ۔جنوبی افریقہ کے اسپنر کیشو مہاراج نے سری لنکا کے اسپنر مہیش تھیکشنا کو ون ڈے باؤلنگ رینکنگ میں پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلا مقام حاصل ہے ۔ انہوں نے لیڈز میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں 22 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کی ہیں ۔