راجگیر، 29 اگست (یو این آئی) ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے ہیرو مینس ایشیا کپ راجگیر بہار 2025 میں اپنی مہم کا آغاز جمعہ کو چین کے خلاف 4-3 سے جیت کے ساتھ کیا۔ جبکہ ملائیشیا نے بنگلہ دیش کو 4-1، کوریا نے چینی تائپے کو 7-0 اور جاپان نے قزاقستان کو 7-0 سے شکست دی۔آج یہاں راجگیر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کپتان ہرمن پریت سنگھ نے (20ویں، 33ویں، 47ویں) منٹ میں گول کر کے ہندوستان کی ہیٹ ٹرک کی۔ ہندوستان کی جانب سے پہلا گول جوگراج سنگھ نے (18ویں) منٹ میں کیا۔ دوسری جانب چین کی جانب سے شیہاؤ ڈو (12ویں)، بینہائی چن (35ویں) اور جیشینگ گاؤ (41ویں منٹ) نے گول کئے۔ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے شروع سے ہی جارحانہ موقف اپنایا۔ آخر کار چین نے دباؤ بنایا اور پنالٹی کارنر حاصل کیا جسے شیہاؤ ڈو (12ویں منٹ) نے گول میں تبدیل کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔ چین پہلے کوارٹر میں 1-0 سے آگے تھا۔ہندوستان نے دوسرے کوارٹر کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور چین پر دباؤ ڈالنے میں اچھا مظاہرہ کیا۔ کوارٹر میں تین منٹ بعد ہندوستان کو پنالٹی کارنر ملا اور جوگراج سنگھ (18ویں منٹ) نے گول کرکے اسکور 1-1 کردیا۔ اس کے فوراً بعد ہندوستان کو ایک اور پنالٹی کارنر ملا اور کپتان ہرمن پریت سنگھ (20ویں منٹ) نے گول کرکے ہندوستان کو برتری دلادی۔ ہاف ٹائم تک ہندوستان 2-1 سے آگے تھا۔









