نیویارک، 27 اگست (یواین آئی) — یو ایس اوپن 2025 کے سنگلز مقابلوں کا پہلا راؤنڈ منگل کو اختتام پذیر ہوا، جس میں دفاعی چیمپئن جینک سِنر کے ساتھ ساتھ چوٹی کے دعویدارا سویاتک، کوکو گاف اور نائومی اوساکا نے شاندار فتوحات درج کیں۔
مردوں کے زمرے میں، پہلی سیڈ سِنر نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چیک ریپبلک کے وٹ کوپریوا کو صرف 98 منٹ میں 6-1، 6-1، 6-2 سے شکست دے دی۔ سِنر نے کہا: “یہاں واپس آنا بہت اچھا لگ رہا ہے۔ یہ ایک نہایت خاص ٹورنامنٹ ہے۔”تیسری سیڈ الیگزینڈر زویریو نے بھی چلی کے الیخاندرو تابلو کو سیدھے سیٹوں میں 6-2، 7-6(4)، 6-4 سے ہرا دیا۔
خواتین کے مقابلوں میں چیمپئن کھلاڑیوں نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ سویاتک نے کولمبیا کی ایمیلیانا ارانگو کو 6-1، 6-2 سے شکست دے کر ڈبلیو ٹی اے سنگلز میں اپنی مسلسل 65ویں کامیابی حاصل کی — جو اوپن ایرا میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ دو مرتبہ کی یو ایس اوپن چیمپئن اوساکا کو 2022 کے بعد پہلی بار کسی گرینڈ سلیم میں سیڈ دی گئی تھی اور انہوں نے بیلجیئم کی گریٹ مینین پر 6-3، 6-4 سے کامیابی حاصل کی۔ گاف کے لئے سب سے مشکل چیلنج تھا۔ 2023 کی یو ایس اوپن فاتح نے تقریباً تین گھنٹے جدوجہد کی اور آخرکار آسٹریلیا کی اجلا ٹوملجانووِچ کو 6-4، 6-7(2)، 7-5 سے شکست دی۔ گاف، جو اپنی سروس کی کمزوری پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں، نے 10 ڈبل فالٹس کئے، لیکن فیصلہ کن لمحات میں تحمل برقرار رکھا۔ انہوں نے کہا: “آج کی کارکردگی اتنی اچھی نہیں تھی، لیکن آخری گیم میں جب ضرورت تھی، میں نے اچھا کھیلا۔
چینی اسٹار وانگ شین یو نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے امریکی حریف کیرولین ڈولہائڈ کو 2-6، 6-4، 6-2 سے ہرا کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ سست آغاز کے باوجود، وانگ نے اپنی حکمتِ عملی بدلی اور سادہ مگر فیصلہ کن کھیل سے کامیابی حاصل کی۔ وانگ نے کہا: “یہ ایک بہت مشکل میچ تھا۔ پہلے سیٹ میں میرا فرسٹ سرو فیصد کم تھا۔ اس کے بعد میں نے خود کو ڈھالا اور اپنی سوچ کو واضح کیا۔” اب وانگ کا مقابلہ 13ویں سیڈ یکاترینا الیکزنڈرووا سے ہوگا۔
دوسری طرف، چین کے بو یونچاؤکیٹے اپنی پہلی گرینڈ سلیم مین ڈرا جیت کی تلاش میں ناکام رہے اور فرانس کے وائلڈ کارڈ ویلنٹین روئر سے 1-6، 4-6، 6-7(1) سے ہار گئے۔
یہ کسی بڑے ٹورنامنٹ میں ان کی پانچویں بار پہلے راؤنڈ کی شکست ہے۔